کون کہاں عیدمنائے گا؟ سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے

Mar 20, 2026 | 09:40:AM
کون کہاں عیدمنائے گا؟ سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) پاکستان میں عید الفطر کل مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جائے گی،سیاسی قیادت میں سے کون کہاں عیدمنائے گا؟ ملک بھر میں عیدالفطر کے موقع پر سیاسی قیادت کی مختلف مقامات پر موجودگی کے باعث سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری گزشتہ کئی برسوں سے عید اپنے آبائی شہرنواب شاہ میں ہی مناتے آ رہے ہیں،اس بار بھی وہ روایت برقرار رکھتے ہوئے نواب شاہ میں ہی عیدالفطر کی نماز ادا کریں گے۔ 
وزیراعظم شہباز شریف عیدالفطر کی نماز لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں ادا کریں گے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف جاتی امراء میں نماز عید ادا کریں گے،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی جاتی امراء میں عید منائیں گی۔
 وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ عیدکے موقع پر سیہون میں موجود ہوں گے،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی پشاور میں نماز عید ادا کرنے کے بعد اپنے آبائی علاقے خیبر روانہ ہوں گے جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کوئٹہ میں عید کی نماز ادا کریں گے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری گڑھی خدا بخش  لاڑکانہ میں نماز عید ادا کریں گے۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اپنے آبائی شہر ملتان میں عید منائیں گے، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق لاہور میں نماز عید ادا کریں گے جبکہ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ اپنے آبائی شہر نواب شاہ میں نماز عید ادا کریں گے۔
 جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ڈی آئی خان میں آبائی گاؤں عبدالخیل میں عید منائیں گے،قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی عیدکادن آبائی علاقے چمن میں گزاریں گے،چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر عید بونیر میں سیلاب متاثرین کے ساتھ گزاریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات
سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد راولپنڈی میں واقع اپنی رہائش گاہ لال حویلی میں ہی عید منائیں گے جبکہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اڈیالہ جیل میں عید منائیں گے۔