وفاداری تبدیل کرنے میں عمران کو اپنا استاد مانتا ہوں۔ منحرف رکن احمد حسن ڈیہڑ 

Mar 20, 2022 | 23:42:PM
وفاداری۔عمران۔منحرف رکن۔تبدیل۔انٹرویو۔ احمد حسن ڈیہڑ 
کیپشن:  احمد حسن ڈیہڑ (فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی احمد حسن ڈیہڑ نے کہا ہے کہ پارٹی وفاداری تبدیل کرنے میں عمران خان کو ہی اپنا استاد مانتا ہوں۔ایک انٹرویومیں پی ٹی آئی ایم این اے ملک احمد حسن ڈیہڑ نے کہا کہ عمران خان نے ن لیگ کے 12 ایم پی ایز سے مل کر وفاداری تبدیل کرنے کی بنیاد رکھی تھی۔
احمد حسن ڈیہڑ نے کہا کہ خان صاحب نے کہا دوسری پارٹی کے لوگوں کو ساتھ ملا رہا ہوں، دوسری پارٹی کے لوگوں کو ملانا بے غیرتی نہ سمجھا جائے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے لوگوں سے عمران خان ملیں تو کہتے ہیں وکٹ گرا دی، خان صاحب، ہمارا کتا، کتا، آپ کا کتا ٹومی، کتنی خطرناک بات ہے کہ نیوٹرل کو جانور کہہ کر ان کو میسج دے رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی نے کہاکہ عمران خان کہتے ہیں آٹے، دال میں نہ الجھا، بین الاقوامی امور دیکھنے دو، عمران بتائیں، ابھی تک ایف اے ٹی ایف سے کیوں نہیں نکل سکے۔ خان صاحب آپ کی کامیابی کے جھنڈے ہم نے بہت دیکھ لئے ہیں، عمران خان کی شکل نہیں، نظریہ دیکھ کر آئے تھے۔انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی شروع سے ہی مائنس ون کے دلدادہ ہیں، شاہ محمود قریشی کو لابنگ کرنے پر ہی زرداری صاحب نے نکالا تھا، شاہ محمود اب بھی مائنس ون کی پالیسی پر کام کر رہے ہیں۔تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی کا یہ بھی کہنا تھا حالات سے لگتا ہے کہ حکومت کو جہانگیر ترین کی بد دعا لگی ہے، جہانگیر ترین اور علیم خان پر بڑے ظلم کیے گئے۔


اس سے قبل ایک اور منحرف رکن اسمبلی عبدالغفار وٹو نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ مجھ پر سندھ ہاؤس جانے اور پیسے لینے کا الزام لگایا گیا، کبھی سندھ ہاؤس گیا ہی نہیں اور رشوت لینے اور دینے کو حرام سمجھتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ 2018 میں حلقہ این اے 166 بہاولنگر سے آزاد حیثیت سے جیتا،الیکشن جیتنے کے بعد پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت پی ٹی آئی کا نعرہ تھا کرپشن مکاﺅ ،میں ان ساڑھے تین سالوں میں اپنے حلقے میں ایک کام بھی نہ کرواسکتا ،میرا مطالبہ تھا کہ میرے حلقے کو سی پیک اور موٹروے کے ساتھ لنک کیا جائے ،جب ہمارا کام نہیں ہوتا تو ہم جب کوئی ناراضگی کا اظہار کرتے ہیں تو ہم پرالزام لگا دیئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مجھ پر الزام لگایا گیا کہ میں نے کروڑوں روپے لئے،میں لعنت بھیجتا ہوں پیسے لینے والے پر، رشوت لینے اور دینے والا جہنمی ہے ۔
 یہ بھی پڑھیں۔منحرف ارکان واپس آجاﺅ۔ورنہ تمہارے بچوں سے کوئی شادی بھی نہیں کرےگا۔وزیر اعظم