آسٹریلیا کے بونڈائی بیچ کے ہیرو کی ویڈیو کو 24 گھنٹوں میں 24 ملین ویوز مل گئے

Dec 20, 2025 | 15:55:PM
آسٹریلیا کے بونڈائی بیچ کے ہیرو کی ویڈیو کو 24 گھنٹوں میں 24 ملین ویوز مل گئے
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) آسٹریلیا کے بونڈائی بیچ پر بندوق بردار قاتل سے شہریوں کو بچانے کے لیے اپنی جان داؤ پر لگانے والے شامی نژاد احمد الاحمد کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

بونڈائی ہیرو احمد الاحمد کے لیے آسٹریلوی شہریوں اور دنیا بھر کے لوگوں نے ان کی بہادری کے اعتراف میں عطیات کا انبار لگا دیا۔

انسٹاگرام کے معروف کنٹینٹ کری ایٹر زیکری ڈیرینیوسکی نے جب شامی نژاد احمد الاحمد کو 2.5 ملین آسٹریلوی ڈالر یا لگ بھگ 1.65 ملین امریکی ڈالر کا چیک پیش کیا تو اس لمحے کی یہ ویڈیو بے انتہا وائرل ہو گئی۔

ہسپتال میں چیک پیش کیے جانے کے اس موقعے کی ویڈیو نے 24 گھنٹوں میں 24 ملین ویوز حاصل کر لیے۔

 زیکری ڈیرینیوسکی نے ویڈیو میں بتایا کہ یہ رقم دنیا بھر کے تقریباً 43 ہزار افراد کے عطیات سے جمع کی گئی ہے تاکہ الاحمد کی حمایت اور حوصلہ افزائی کی جا سکے۔

ویڈیو میں ہسپتال کے بستر پر نظر آنے والے الاحمد، جنھیں واقعے میں کندھے پر کئی گولیاں لگی تھیں، نے چیک وصول کرتے ہوئے سوال کیا ’’کیا میں اس کا مستحق ہوں؟‘‘ جس پر ڈیرینیوسکی نے جواب دیا کہ ’’آپ اس کے ایک ایک سینٹ کے مستحق ہیں۔‘‘

  اس موقع پر الاحمد نے اپنے پیغام میں کہا ’’جب میں نے لوگوں کو بچایا تو یہ اپنے دل کی آواز پر کیا، ہر انسان امن سے رہنے اور زندگی سے لطف اندوز ہونے کا حق رکھتا ہے۔‘‘

پلیٹ فارم ’’گو فنڈ می‘‘ کا کہنا تھا کہ بونڈائی بیچ پر اس بہادرانہ اقدام کے بعد الاحمد کے عطیات کے پیج پر محبت اور حمایت کی ایک زبردست لہر دیکھی گئی۔

یاد رہے اتوار 14 دسمبر کو بونڈائی بیچ پر یہودیوں کے تہوار حنوکاہ کی تقریب کے دوران دو افراد نے فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔