ٹرمپ کی ایران کی بڑی گیس فیلڈ کو ’تباہ‘ کرنے کی دھمکی

Mar 19, 2026 | 08:55:AM
ٹرمپ کی ایران کی بڑی گیس فیلڈ کو ’تباہ‘ کرنے کی دھمکی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم  ٹروتھ سوشل پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کے حالیہ حملے کے بارے میں امریکہ کو پیشگی کوئی علم نہیں تھا۔

اپنے پیغام میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل نے “غصے میں” ایک ایسا حملہ کیا جس میں مجموعی علاقے کے نسبتاً چھوٹے حصے کو نشانہ بنایا گیا،ان کے مطابق ایران کو بھی اس کارروائی کے بارے میں آگاہی نہیں تھی۔

صدر ٹرمپ نے ایران کی جانب سے قطر کے علاقے راس لفان میں ایل این جی گیس تنصیبات پر کیے گئے جوابی حملوں کو “بلا جواز اور غیر منصفانہ” قرار دیا، انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے دوبارہ قطر کو نشانہ بنایا تو خطے میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔

امریکی صدر نے ایران کے ساؤتھ پارس گیس فیلڈ کو نہایت اہم اور قیمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل دوبارہ اس پر حملہ نہیں کرے گا  تاہم انہوں نے سخت لہجے میں متنبہ کیا کہ اگر ایران نے قطر پر دوبارہ حملہ کیا تو امریکہ اس گیس فیلڈ کو  بڑے پیمانے پر نقصان پہنچائے گا اور اسے تباہ کر دے گا۔ 

یہ بھی پڑھیں:توانائی تنصیبات پر حملے، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف ممکنہ امریکی کارروائی ایسی طاقت کی حامل ہوگی جیسی ایران نے پہلے کبھی نہیں دیکھی ہوگی، انہوں نے مزید کہا کہ وہ خطے میں  تشدد اور تباہی کی اس سطح نہیں چاہتے، کیونکہ اس کے ایران پر طویل مدتی اثرات مرتب ہوں گے  تاہم قطر کی ایل این جی تنصیبات پر دوبارہ حملے کی صورت میں وہ سخت اقدام سے گریز نہیں کریں گے۔