ای بینکنگ لین دین، مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں24 فیصد اضافہ

Mar 19, 2021 | 12:56:PM
 ای بینکنگ لین دین، مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں24 فیصد اضافہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24  نیوز) مالی سال 2020.2021کی دوسری سہ ماہی کے دوران 214 کھرب روپے مالیت کی 29 کروڑ 67 لاکھ ای بینکنگ ٹرانزیکشن ہوئیں جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں حجم کے حساب سے 24 فیصد اور مالیت کے حساب سے 22 فیصد اضافہ ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق بینک کا سہ ماہی ادائیگی کے نظام کا جائزہ یہ دکھاتا ہے کہ مالی سال 2021 میں اکتوبر سے دسمبر کے دوران ملک کی ڈیجیٹل فنانشل ٹرانزیکشن میں مضبوط ترقی دیکھی گئی۔بینک کی جانب سے مالی لین دین کو زیادہ سے زیادہ ڈیجیٹائز کرنے کے ہدف کے حصول کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ای بینکنگ ٹرانزیکشن میں زیادہ تر اضافہ انٹرنیٹ اور موبائل بینکنگ میں دیکھا گیا، موبائل بینکنگ ٹرانزیکشن کا حجم 147 فیصد بڑھ کر 4 کروڑ 40 لاکھ لاکھ تک پہنچ گیا جبکہ مالیت میں 192 فیصد اضافے سے یہ 11 کھرب 20 ارب روپے تک رہی۔مالی سال 20 کی دوسری سہ ماہی میں یہ 38 ارب 25 کروڑ روپے مالیت کی ایک کروڑ 78 لاکھ ٹرانزیکشن تھیں۔اس کے علاوہ رجسٹرڈ موبائل فون بینکنگ صارفین کی تعداد 94 لاکھ تک پہنچ گئی اور اس میں 5 فیصد اضافہ دیکھا گیا، مزید یہ کہ اسی عرصے میں 2 کروڑ 20 لاکھ انٹرنیٹ بینکنگ ٹرانزیکشنز ہوئیں جن کی مالیت 13 کھرب روپے رہی جبکہ مالی سال 21 کی پہلی سہ ماہی میں یہ 11 کھرب روپے تھی۔اس کے علاوہ ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت فراہم کرنے کے لیے پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) مشینوں کی تنصیب کے فروغ کے لیے سٹیٹ بینک کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے ردعمل میں ملک بھر میں پی او ایس ٹرمنلز کی تعداد 62 ہزار 480 تک پہنچ گئی جو مالی سال 21 کی دوسری سہ ماہی میں 18 فیصد کی نمایاں ترقی ظاہر کرتی ہے۔سٹیٹ بینک کے جائزے سے پتا چلا کہ مالی سال 21 کی دوسری سہ ماہی میں ان پی او ایس مشینوں پر 115 ارب روپے کی دو کروڑ 30 لاکھ ٹرانزیکشنز ہوئیں جو سٹیٹ بینک کی وضع کردہ پالیسز کے مارکیٹ پر مثبت اثرات کو ظاہر کرتا ہے۔مزید برآں ای کامرس پورٹلز پر کارڈ کے ذریعے کی جانیوالی ٹرانزیکشنز میں بھی اضافہ دیکھا گیا اور ای کامرس مرچنٹس نے پیمنٹ کارڈز کے ذریعے 15 ارب روپے کی 56 لاکھ ٹرانزیکشنز کیں جو مالی سال 21 کی پہلی سہ ماہی میں 11 ارب 90 کروڑ روپے کی 39 لاکھ ٹرانزیکشنز تھیں۔ ملک میں ادائیگیوں کے کارڈز کی مجموعی تعداد 4 کروڑ 40 لاکھ پر موجود ہے جس میں سے 2 کروڑ 76 لاکھ ڈیبٹ کارڈز اور 17 لاکھ کریڈٹ کارڈز ہیں ۔