حکومت نے اضافی کفایت شعاری، فیول بچت اقدامات ختم کر دیئے، نوٹیفکیشن جاری

Jun 19, 2026 | 23:57:PM
حکومت نے اضافی کفایت شعاری، فیول بچت اقدامات ختم کر دیئے، نوٹیفکیشن جاری
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز ) وفاقی حکومت نے فیول بچت اور اضافی کفایت شعاری سے متعلق حالیہ اقدامات فوری طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اضافی پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں، تاہم مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کے اوقاتِ کار سے متعلق پہلے سے نافذ ضوابط برقرار رہیں گے۔

حکومتی ہدایات کے تحت دکانیں، بازار اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند ہوں گے، جبکہ ڈپارٹمنٹل اور جنرل اسٹورز کو بھی رات 9 بجے تک کاروبار کی اجازت ہوگی۔

اسی طرح شادی ہالز، مارکیز اور دیگر کمرشل تقریبات رات 10 بجے تک جاری رہ سکیں گی، جبکہ ریسٹورنٹس، کیفے اور فوڈ آؤٹ لیٹس رات 11 بجے بند ہوں گے تاہم ہوم ڈیلیوری اور ٹیک اوے سروسز ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گی۔

نوٹیفکیشن میں پھل و سبزی فروشوں، کریانہ اسٹورز، فارمیسیز، اسپتالوں، میڈیکل لیبارٹریز اور کلینکس کو اوقاتِ کار کی پابندی سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ بیکریاں، تندور، دودھ کی دکانیں، پیٹرول پمپس اور الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز بھی مقررہ بندش کے اوقات سے مستثنیٰ قرار دیے گئے ہیں, حکومت نے جمنازیم، کھیلوں کی سہولیات، آئی ٹی کمپنیوں اور کال سینٹرز کو بھی کاروباری اوقات کی پابندی سے استثنیٰ دے دیا ہے۔

تاہم نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ علاقائی کشیدگی سے قبل وزارتِ خزانہ کی جانب سے نافذ کیے گئے عمومی کفایت شعاری اقدامات بدستور برقرار رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : شوبز کی کمائی حلال یاحرام؟ نعمان اعجاز کاجواب آگیا