بارشیں ہی بارشیں، محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنادی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)محکمہ موسمیات نے 20 سے 24 جون تک ملک میں پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی کردی۔
نجی ٹی وی کے مطابق محکمہ موسمیات نے 20 تا 23 جون کے درمیان کشمیر، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ظاہرکیا ہے،اس کے علاوہ راولپنڈی، اٹک، چکوال، سرگودھا، منڈی بہاؤالدین، گجرات، اورسیالکوٹ میں بھی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نارووال، فیصل آباد، جھنگ، ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، چترال، دیر، سوات،اور مالاکنڈ میں بھی بارش ہوگی جبکہ، پشاور، مردان، صوابی سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے،22 تا 24 جون سکھر، لاڑکانہ، دادو،جیکب آباد میں آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے،اس کے علاوہ ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، قلات سمیت مختلف علاقوں میں بھی بارش کی توقع ہے،اس دوران مختلف علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے اور ژالہ باری کا امکان ہے، آندھی، تیزہوا سے سولر پینلز، درختوں کے اکھڑنے، کمزور دیواروں کے گرنے کا بھی خطرہ ہے اس لیے شہری موسم کو دیکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں موسم شدید گرم رہے گا،پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں بھی موسم خشک اور گرم رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جس سے موسم خوشگوار ہو جائے گا،ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی ہے سورج آگ برسا رہا ہے۔
گزشتہ روز جیکب آباد اور دادو میں درجہ حرارت 47 ڈگری، نواب شاہ اور سبی میں 46، حیدرآباد، لاڑکانہ اور سکھر میں 45 ڈگری ریکارڈ کیا گیا،جبکہ پشاور،ڈیرہ غازی خان میں 42، اسلام آباد میں 41، کوئٹہ میں 40 اور کراچی میں 35 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ’’بابا وانگا کی خطرناک پیشگوئی‘‘
لاہورمیں اگرچہ بادل چھائے ہوئے ہیں لیکن تپش تاحال برقرارہے اورہوائیں رکنے کی وجہ سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیاہے،محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے،شہر کا پارہ آج 40 کی بلندیوں کو چھوئےگا،شہر کا موجودہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیاہے،محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں دن بھر سورج اوربادلوں میں آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہے گا۔
شہر میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 167 ریکارڈکی گئی ہے اورلاہور آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر آ گیاہے۔
یہ بھی پڑھیں:سپریم کورٹ: ججز تبادلہ و سنیارٹی کیس کا فیصلہ محفوظ
دوسری طرف محکمہ موسمیات کے مطابق شہرقائد میں گرمی کی شدت میں کمی کا امکان،شہر میں مطلع آبر الود اور مرطوب ہے ،شہر میں وقفہ وقفہ سے تیز ہوائیں چلنے کا سلسلہ بھی جاری ہے ،شہرکا موجودہ درجہ حرارت 32ڈگری سینٹی گریڈہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری اورکم سے کم 29ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہرمیں مغربی سمت سے 27کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں،ہوا میں نمی کا تناسب 65فیصد سے زائد ریکارڈکیاگیاہے-