بھارت کا یو اے ای سے ایل این جی معاہدہ، دفاعی و تجارتی تعلقات بڑھانے پر اتفاق
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)بھارت نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے ایل این جی کی خریداری کیلیے 3 ارب ڈالر کا معاہدہ کر لیا جبکہ دونوں ممالک نے تجارتی اور دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق معاہدے پر دستخط متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کے بھارت کے مختصر 2 گھنٹے کے دورے کے دوران ہوئے جہاں انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔
دونوں ممالک کے رہنماؤں نے آئندہ چھ سالوں میں باہمی تجارت کو دوگنا کر کے 200 ارب ڈالر تک پہنچانے اور ایک اسٹریٹجک دفاعی شراکت داری قائم کرنے کا عزم کیا۔
ابوظہبی کی سرکاری کمپنی ADNOC Gas بھارت کی ہندوستان پیٹرولیم کارپوریشن کو 10 سال تک سالانہ 0.5 ملین میٹرک ٹن ایل این جی فراہم کرے گی۔
ایڈنوک گیس کے مطابق معاہدے کے بعد بھارت کے ساتھ اس کے مجموعی معاہدوں کی مالیت 20 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔
شیخ محمد کے ہمراہ آنے والے حکومتی وفد میں ان کے وزرائے دفاع اور خارجہ بھی شامل تھے۔
بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مصری نے صحافیوں کو بتایا کہ دونوں ممالک نے ایک اسٹریٹجک دفاعی شراکت داری کے قیام کی سمت کام کرنے کیلیے لیٹر آف انٹینٹ پر بھی دستخط کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:جماعت اسلامی کے رہنما احتجاجی ریلی کے دوران خطاب کرتے ہوئے انتقال کرگئے