"شدید سردی،کوئٹہ میں گیس غائب،  پریشر بھی کم"

Dec 19, 2020 | 13:36:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)کوئٹہ میں شدید سردی کے دوران شہر کے بیشتر علاقوں میں سوئی گیس پریشر کی کمی کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کر گیا۔کئی علاقوں میں گیس غائب ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق  کوئٹہ میں سردی کی شدت بڑھتے ہی شہر کے مختلف علاقوں رئیسانی ٹاؤن، عارف روڈ، میر احمد خان روڈ، نجم الدین روڈ، کواری روڈ اور ملحقہ علاقوں میں سوئی گیس کا پریشر کم ہو گیاجبکہ گیس نہ ہونے کی وجہ سے گھر، فلیٹس، ہسپتال اور مساجد سرد خانے بن گئے۔ گیس نہ ہونے کے باعث جہاں خواتین کو کھانا بنانے سمیت امور خانہ داری نمٹانے میں شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا ہے وہیں بچوں، خواتین اور معمر افراد کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔

دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں سوئی گیس پریشر میں کمی کے خلاف شہریوں کی جانب سے احتجاج بھی کیا جا رہا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس پریشر نہ ہونے کی وجہ سے ہمیں کمپریسر کے استعمال پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان کو اس کی ضرورت کے مطابق پوری گیس مل رہی ہے۔جی ایم سوئی سدرن گیس کمپنی مدنی صدیقی کا کہنا ہے کہ بلوچستان کو اس کی ضرورت کے مطابق 200 ایم ایم سی ایف ڈی گیس مل رہی ہے تاہم کمپریسر کے استعمال سے کئی علاقوں میں سوئی گیس کی کمی کا مسئلہ ہے۔