تل ابیب میں ایک ہزار اپارٹمنٹ ایرانی میزائلوں سے تباہ، 30 ہزار شہریوں کی املاک کا نقصان

Apr 19, 2026 | 23:58:PM
تل ابیب میں ایک ہزار اپارٹمنٹ ایرانی میزائلوں سے تباہ، 30 ہزار شہریوں کی املاک کا نقصان
کیپشن:  تل ابیب، اسرائیل،میں  28 فروری 2026 کو  ایرانی میزائل حملے کے بعد دھواں اٹھ رہا ہے۔ 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) ایران جنگ کے دوران ایران، حزب اللہ اور یمن کی حوثی ملیشیا کے حملوں سے اسرائیل میں شہریوں کی  30 ہزار املاک کو نقصان پہنچا اور صرف تل ابیب میں ایک ہزار اپارٹمنٹ تباہ ہوئے۔

اسرائیل کے وسطی شہر  تل ابیب کے میئر رون ہلدائی نے تصدیق کی ہے ایران کے حملوں کے نتیجے میں شہر میں ایک ہزار سے زائد رہائشی اپارٹمنٹ اور گھر  تباہ ہوئے۔ یہ گھر اب  ناقابلِ رہائش ہو چکے ہیں۔

ایرانی خبررساں ایجنسی نے بتایا ہے کہ براہِ راست میزائل حملوں اور میزائلوں کو روکنے کی کوششوں کے دوران نیچے گرنے والے میزائلوں کے ملبے سے تل ابیب، رامات گان اور بنی براک میں سینکڑوں عمارتوں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔ 

ایرانی میدیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل میں  حکام کو اب تک تقریباً 30 ہزار اسرائیلی شہریوں کی جانب سے  املاک کے نقصان کے کلیم موصول ہو چکے ہیں۔

اب تک موصول ہونے والے کلیمز  میں 18 ہزار 408 عمارتوں، 6 ہزار 617 گاڑیوں اور 2 ہزار 549 دیگر سازو سامان کو ہونے والے نقصانات کی اطلاعات  شامل ہیں۔

اسرائیلی وزارت خزانہ کے مطابق ایران اور لبنان کے خلاف 40 روزہ جنگ کی لاگت تقریباً 17.5 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔ 

تل ابیب اور اسرائیل کے کئی دوسرے شہروں پر ایران سے میزائلوں کے حملے  28 فروری کی صبح دن کے اجالے میں تہران میں خامنہ ای کے مرکزی کمپلیکس پر اسرائیلی طیاروں کی بمباری کے بعد شروع ہو گئے تھے۔

ایران کی جانب سے ابتدا میں روایتی وار ہیڈ والے بیلسٹک میزائلوں سے اسرائیلی شہروں پر حملے کئے گئے۔

ابتدا میں اسرائیل کے ہنگامی امداد کے ادارہ اور اسکے بعد فوج نے بتایا کہ بعض میزائلوں سے زیادہ نقصان اس لئے ہو رہا ہے کہ ان کو فضا میں انٹرسیپٹ کرنے کے باوجود ان کے اندر سے کئی وار ہیڈ نکل کر فضا میں پھیل جاتے ہیں ۔ ان وارہیڈز کے نیچے گرنے سے نقصان ہو رہا ہے۔ بعد میں ایران کے پاسداران نے بتایا کہ وہ اسرائیل کے شہروں پر حملوں میں کلسٹر وار ہیڈز  والے میزائل بھی استعمال کر رہے ہیں۔

 تل ابیب، اسرائیل،میں  28 فروری 2026 کو  ایرانی میزائل حملے کے بعد دھواں اٹھ رہا ہے۔