ملک میں جاری حالیہ بارشوں سے متعلق این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

Apr 19, 2024 | 19:39:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(روزینہ علی) این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں جاری حالیہ بارشوں کے سلسلے سے متعلق الرٹ جاری کرتے ہوئے پیش گوئی کی ہے کہ یہ سلسلہ 22 اپریل تک وقفے وقفے جاری رہے گا۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں جاری بارشوں سے متعلق الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ حالیہ سلسلے کے باعث بلوچستان میں خصوصاً کیچ، قلات، خضدار، اواران کے علاقوں میں سیلابی صورتحال متوقع ہے، خیبرپختونخواہ میں 21اپریل تک دیر مالاکنڈ، سوابی، کوہستان، مردان، شانگلہ، چارسدہ،  سوات، نوشہرہ کے علاقوں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بارشوں کا ایک اور سپیل ،ژالہ باری کا بھی امکان

پنجاب میں ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں بھی سیلابی صورتحال متوقع ہے،  25 تا 29 اپریل کے دوران بلوچستان،خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چند مقامات مزید بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے۔

این ڈی ایم اے نے تمام پی ڈی ایم ایز اور دیگر انتظامی اداروں کو کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے عوام الناس کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، این ڈی ایم اے کی عوام کے لئے جاری کردہ ہدایات کے مطابق کاشتکار فصل خصوصاً گندم کی کٹائی کے حوالے سے موسم کو مد نظر رکھتے ہوئے معمولات تشکیل دیں، سیاح و مسافر پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔سفر ضروری ہو تو موسم اور راستوں کی صورتحال سے آگاہ رہیں، برساتی ندی نالوں کو پار کرنے سے گریز کریں۔

 بجلی کے کھمبوں،کچی عمارتوں، ٹوٹی دیواروں اور چھتوں سے دور رہیں اور نشیبی علاقوں کے مکین سیلاب کے خدشے کے پیش نظر محتاط رہیں، آسمانی بجلی چمکتے وقت سائیکل، موٹر سائیکل یا بغیر چھت کے گاڑیوں میں سفر کرنے سے اجتناب کریں، اونچی عمارتوں، درختوں، کھمبوں، پہاڑیوں، اینٹیناز، موبائیل ٹاور ز وغیرہ سے دور ہو جائیں۔