نموڑا نی نموڑا۔۔انوکھی شادی میں نیا جوڑا نہیں اب بلکل نیا تینوڑا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) بھارتی ریاست کرناٹک میں ایک انوکھی شادی نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے،25 سالہ مسلمان لڑکے وسیم شیخ نے ایک ہی تقریب میں اپنی دو قریبی دوستوں شفا شیخ اور جنت مکھندر سے شادی کی۔ جس میں خاندان اور دوستوں نے شرکت کی۔ اس نئے شادی شدہ جوڑے نے نہیں تینوڑے نے کہا ہے کہ ان کا رشتہ روایتی نہیں بلکہ اعتماد اور دوستی پر مبنی ہے۔
بھارت کی مشہور اردو ویب نیوز کےمطابق کرناٹک کے چتردرگا ضلع کے ہوراپیٹ علاقے میں ایک انوکھی شادی نے سب کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی۔ 25 سالہ وسیم شیخ نے ایک ہی تقریب میں اپنے دو قریبی دوستوں شفا شیخ اور جنت مکھندر سے شادی کی۔ شادی 16 اکتوبر 2025 کو ایم کے پیلس میں ہوئی، جس میں خاندان اور دوستوں نے شرکت کی۔ دونوں دلہنوں نے ایک جیسا لباس پہنا ہوا تھا اور جب وسیم نے ان کا ہاتھ تھاما تو تقریب تالیوں اور خوشی کے شور سے گونج اٹھی۔عام طور پر کہا جاتا ہے کہ "ایک بیوی اپنے شوہر کے لیے کچھ بھی برداشت کر سکتی ہے، لیکن اسے کسی اور کے ساتھ شیئر نہیں کرسکتی۔" معاشرے میں یہ بات ہر ایک دماغ میں بیٹھی ہوئی ہے کہ محبت اور رشتوں کا حق صرف ایک کا ہوتا ہے۔ لیکن وسیم، شفا اور جنت نے اس تصور کو چیلنج کردیا۔ ان تینوں کا کہنا تھا کہ انکا رشتہ روایتی نہیں بلکہ اعتماد اور دوستی پر مبنی ہے۔ تینوں کئی سالوں سے اچھے دوست تھے اور ایک دوسرے کے جذبات کو سمجھتے تھے۔ اسی وجہ سے انہوں نے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق حیرت انگیز طور پر شادی میں خاندان کے افراد اور رشتہ داروں نے بھی شرکت کی اور بھرپور خوشی کا اظہار کیا۔ شادی میں روایتی رسومات اور جدیدیت کا حسین امتزاج دیکھنے کو ملا ۔ وسیم نے دونوں دلہنوں سے شادی کی اور وعدہ کیا کہ وہ ان کے ساتھ یکساں احترام سے پیش آئیں گے۔ شادی کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے جس میں وسیم کو دونوں دلہنوں کے ہاتھ پکڑے ہوئے دکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو کو لاکھوں ویوز مل چکے ہیں اور اس پر ہزاروں تبصرے کئے جا چکے ہیں۔ لوگوں کا ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ کچھ نے اسے "محبت اور دوستی کا خوبصورت اظہار" قرار دیا، جبکہ دوسروں نے سوال کیا کہ کیا معاشرہ ایسے رشتوں کو قبول کرے گا۔ کئی لوگوں نے کہا کہ یہ رشتوں میں مساوات کے لیے ایک نیا طریقہ ہے، جب کہ کچھ نے اس کو روایت سے ٹکراو بتایا۔وسیم اور ان کی دو بیویوں کا کہنا ہے کہ وہ مساوات، احترام اور اعتماد کے ساتھ اپنی نئی زندگی شروع کر رہے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ ان کی شادی کی خبر ایک منفرد کہانی ہے بلکہ اس ذہنیت کو بھی چیلنج کرتی ہے جس نے صدیوں سے رشتوں کی سرحدیں متعین کر رکھی ہیں۔ محبت کا مطالبہ صرف حقوق نہیں ، بلکہ تفہیم اور آزادی بھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عدالت کا معمر قذافی کے بیٹے کو ایک ارب ڈالر کے عوض رہا کرنے کا حکم