متعدد افسران کے تقرر و تبادلے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(باہر شہزاد تُرک)وفاقی حکومت نے متعدد افسران کے تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کر دیئے۔
پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 20 کے افسر سید ابرار حسین کو ڈائریکٹر جنرل، پاکستان انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (پاک-ای پی اے) تعینات کیا گیا ہے۔ سید ابرار حسین اس سے قبل پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی میں خدمات انجام دے رہے تھے۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی سیکرٹری وزارتِ اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل کو پاکستان ٹیلی وژن کا منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کا اضافی چارج دینے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیر اعظم کی منظوری کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اشفاق احمد خلیل کو تین ماہ یا مستقل تقرری تک پی ٹی وی کے ایم ڈی کا اضافی چارج دینے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس کے گریڈ 19 کے افسر اور ڈائریکٹر آڈٹ ورکس لاہور محمد عامر خان کو تبدیل کر کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل پاسکو تعینات کیا گیا ہے، محکمۂ تعلیم خیبر پختونخوا کے سبجیکٹ اسپیشلسٹ عالم زیب کو تبدیل کر کے ڈیپوٹیشن پر وفاقی نظامتِ تعلیمات، اسلام آباد میں تعینات کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عارفہ صباحت کو تین سال کے لیے ڈیپوٹیشن پر فیڈرل جنرل ہسپتال اسلام آباد میں میڈیکل آفیسر تعینات کیا گیا ہے، محکمۂ تعلیم خیبر پختونخوا کی اسسٹنٹ پروفیسر مہوش منیر کو تین سال کے لیے ڈیپوٹیشن پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام خیبر پختونخوا ریجن میں ڈپٹی ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں انفارمیشن گروپ کی گریڈ 18 کی افسر، سیکشن آفیسر وزارتِ قومی ورثہ و ثقافت ردا فاطمہ کو تبدیل کر کے ان کی خدمات واپس ان کے اصل محکمے، وزارتِ اطلاعات و نشریات کے سپرد کر دی گئی ہیں، محکمۂ صحت خیبر پختونخوا کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شجاعت گل کو بھی تبدیل کر کے تین سال کے لیے ڈیپوٹیشن پر فیڈرل جنرل ہسپتال اسلام آباد میں میڈیکل آفیسر تعینات کیا گیا ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تقرر و تبادلوں کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔