کراچی ٹیسٹ: دوسرے روز کا کھیل ختم، پاکستان کے بغیر کسی نقصان کے 21 رنز

Dec 18, 2022 | 17:38:PM
کراچی ٹیسٹ: دوسرے روز کا کھیل ختم، پاکستان کے بغیر کسی نقصان کے 21 رنز
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) انگلینڈ کی ٹیم پاکستان کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں ہیری بروک کی سنچری کی بدولت 354 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور یوں اسے پہلی اننگز میں 50 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔

کراچی میں کھیلے جا رہے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری میچ کے دوسرے دن انگلینڈ نے 7 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو بین ڈکٹ اور اولی پوپ وکٹ پر موجود تھے۔

دونوں نے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور بآسانی مزید 51 رنز جوڑ کر اسکور کو 58 تک پہنچا دیا تاہم اسی اسکور پر نعمان کی گیند پر 26 رنز بنانے والے ڈکٹ ایل بی ڈبلیو قرار دیے گئے۔

تاہم انگلینڈ کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب اگلی ہی گیند پر جو روٹ بھی سلپ میں کیچ دے بیٹھے اور انگلینڈ کی ٹیم یکے بعد دیگرے دو وکٹیں گنوا بیٹھی۔

دوسرے اینڈ سے اولی پوپ نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن 98 کے مجموعی اسکور پر ابرار احمد کی خوبصورت گیند پر وہ اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔

اس کے بعد ہیری بروک کا ساتھ دینے کپتان بین اسٹوکس آئے اور دونوں نے مزید 42 رنز کی شراکت قائم کرکے کھانے کے وقفے تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔

یہ بھی پڑھیے: نجم سیٹھی کو دوبارہ چیئرمین پی سی بی بنانے کا عندیہ

کھانے کے وقفے کے بعد بھی دونوں کھلاڑیوں کو کسی قسم کی مشکل پیش نہیں آ رہی تھی لیکن اس دوران محمد وسیم کی گیند پر غیرضروری طور پر تیسرا رن لینے کی کوشش میں بین اسٹوکس اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 26 رنز بنائے۔

دونوں کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے پورے سیشن میں مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی جبکہ اس دوران بروک نے ایک اور بہترین باری کھیلتے ہوئے دورہ پاکستان کے دوران اپنی تیسری سنچری بھی مکمل کرلی۔

جب میچ کے دوسرے دن چائے کا وقفہ ہوا تو انگلینڈ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 254 رنز بنائے تھے اور اسے پاکستان کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کیلئے مزید محض 50 رنز درکار ہیں۔

بعد ازاں ہیری بروک 111 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ بین فوکس 64 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اسکے علاوہ ریحان احمد 1، مارک ووڈ 35 رنز اور اولی روبنسن 29 بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ جیک لیچ 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے اسپنر ابرار احمد اور نعمان علی نے 4 ، 4 وکٹیں حاصل کیں۔
یاد رہے کہ پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں بابر اعظم اور آغا سلمان کی نصف سنچریوں کی بدولت 304 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔