کچے میں آپریشن کا دسواں روز، متعدد ملزمان گرفتار، درجنوں ٹھکانے تباہ

Apr 18, 2023 | 11:24:AM
کچے میں آپریشن کا دسواں روز، متعدد ملزمان گرفتار، درجنوں ٹھکانے تباہ
کیپشن: پولیس نے نو گو ایریا میں ڈاکوؤں کے ٹھکانوں پر مزید دو کیمپ قائم کر دیے ہیں
سورس: 24 نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(علی ساہی)  کچے کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کا ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن دسویں روز میں داخل ہوگیا، اب تک پولیس نے کریمنلز کے درجنوں ٹھکانے تباہ کرکے متعدد ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، دوران آپریشن پولیس نے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا۔

عسکریت پسندوں کے ساتھ وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ اور پولیس کی کریمنلز کے ٹھکانوں کی جانب پیش قدمی جاری ہے، پولیس نے کوکانی گینگ کے مزید 4 کارندوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران اب تک گرفتار ملزمان کی تعداد 18 ہوگئی ہے جبکہ 3 ڈاکو ہلاک ہوئے ہیں، گرفتار ملزمان کے قبضے سے مختلف اقسام کے بھاری ہتھیار برآمد ہوئے ہیں جن میں لانچرز، راکٹس، ایل ایم جینز، ہینڈ گرنیڈز، درجنوں کلاشنکوفس اور ہزاروں مختلف بور کی گولیاں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: کچے میں آپریشن کا نواں روز، کوکانی اور لٹھانی گینگ کے 8 کارندے گرفتار

ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے خطرناک عسکریت پسند کریمنل قابل سکھانی کے خفیہ ٹھکانے ٹریس کرکے ان کا گھیراؤ کر لیا ہے جہاں مسلح عسکریت پسندوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے، جزیرہ نما دشوار گزار دریائی علاقہ ہونے کے باوجود پولیس کی مسلسل پیش قدمی جاری ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دوران آپریشن ٹارگٹ کو ہٹ کرنے کیلئے سنائپرز کا استعمال شروع کر دیا گیا ہے، پولیس نے نو گو ایریا میں ڈاکوؤں کے ٹھکانوں پر مزید دو کیمپ قائم کر دیے ہیں، جلد کریمنلز کو قانون کی گرفت میں لا کر پولیس آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔