ہفتے میں 3 دن سکول بند رکھنے کی تجویز سے اتفاق نہیں کرتا: رانا سکندر حیات

Sep 17, 2026 | 10:13:AM
ہفتے میں 3 دن سکول بند رکھنے کی تجویز سے اتفاق نہیں کرتا: رانا سکندر حیات
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے ہفتے میں 3 دن سکول بند رکھنے کی تجویز کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعہ کے روز سکول بند رکھنے سے کوئی خاطر خواہ بچت نہیں ہوگی۔

ایک انٹرویو میں رانا سکندر حیات نے کہا کہ پنجاب کے وزیر تعلیم کی حیثیت سے ابھی تک ان کے سامنے سکول 3 دن بند رکھنے سے متعلق کوئی تجویز نہیں آئی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سے بھی درخواست ہے کہ تعلیم کے شعبے کو ایسی پابندیوں سے مستثنیٰ رکھا جائے اور سکول معمول کے مطابق جاری رہنے چاہییں۔ 
صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ جمعہ کے دن سکول بند رکھنے سے ڈیزل یا دیگر اخراجات میں کوئی خاص بچت نہیں ہوگی، کیونکہ سرکاری سکولوں کے تقریباً 90 فیصد بچے پیدل سکول جاتے ہیں۔

رانا سکندر حیات نے کہا کہ نجی سکولوں کے تقریباً 90 فیصد بچے بھی پیدل سکول جاتے ہیں، اس لیے سکولوں کو بند رکھنے سے ایندھن کی بچت کا مقصد حاصل نہیں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت سرکاری اداروں میں اصلاحات اور نجکاری کا عمل آگے بڑھا رہی ہے:محمد اورنگزیب

انہوں نے زور دیا کہ تعلیم کے شعبے کو ضرور مستثنیٰ قرار دیا جائے اور سکول ہفتے کے تمام مقررہ تدریسی دنوں میں جاری رہنے چاہئیں۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں پیٹرولیم بحران کے پیش نظر سرکاری و نجی تعلیمی ادارے جمعہ اور ہفتہ بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے صوبائی کابینہ کی ہدایت کی روشنی میں تعلیمی ادارے 2 روز بند رکھنے کا اعلامیہ جاری کردیا۔

 اعلامیے کے مطابق صوبے کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے جمعہ اور ہفتہ بند رہیں گے، جبکہ باقی 5 دن تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں گی، محکمہ تعلیم کے مطابق یہ فیصلہ 2 ماہ تک نافذ العمل رہے گا، فیصلے کا مقصد پیٹرولیم بحران کے دوران ایندھن کی بچت اور آمدورفت سے متعلق مشکلات کو کم کرنا ہے۔

 حکام کے مطابق فیصلے پر عمل درآمد صوبے کے تمام متعلقہ سرکاری و نجی تعلیمی اداروں پر ہوگا۔