’’کسی ایک ملک کیخلاف جارحیت دونوں کیخلاف جارحیت تصور کی جائے گی‘‘پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ

Sep 17, 2025 | 23:30:PM
’’کسی ایک ملک کیخلاف جارحیت دونوں کیخلاف جارحیت تصور کی جائے گی‘‘پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز  ) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین  " سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے" (SMDA) پر دستخط کئے،معاہدے کے مطابق  کسی بھی ایک ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت کو دونوں ملکوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔

وزیر اعظم ہاوس کی جانب سے جاری اعلامئے کے مطابق ولی عہد و وزیر اعظم سعودی عرب شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز   کی پر وقار دعوت پر پاکستان کے وزیر اعظم  شہباز شریف نے  کو مملکت سعودی عرب کا سرکاری دورہ کیا،ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے ریاض کے ال یمامہ پیلس میں وزیر اعظم پاکستان کا استقبال کیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے وفود کی موجودگی میں مذاکرات کا باضابطہ اجلاس منعقد کیا، اجلاس کے آغاز میں، وزیر اعظم شہباز شریف نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کیلئے خیرمقدم کا اظہار کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا,فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور سٹریٹجک تعلقات اور مشترکہ دلچسپی کے متعدد موضوعات کا جائزہ لیا اور تبادلہ خیال کیا۔

 مملکت سعودی عرب اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان تقریباً 8دہائیوں پر محیط تاریخی شراکت داری، بھائی چارہ اور اسلامی یکجہتی کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ سٹریٹجک مفادات اور قریبی دفاعی تعاون کے تناظر میں، ولی عہد و وزیرِ اعظم سعودی عرب  شہزادہ محمد بن سلمان  اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین  " سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے" (SMDA) پر دستخط کئے۔  

یہ معاہدہ جو دونوں ممالک کی اپنی سلامتی کو بڑھانے اور خطے اور دنیا میں سلامتی اور امن کے حصول کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے، اس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون  کو فروغ دینا اور کسی بھی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاع و تحفظ کو مضبوط بنانا ہے,معاہدے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ایک ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت کو دونوں ملکوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے اور پاکستانی وفد کے پرتپاک استقبال اور فراخدلی سے مہمان نوازی پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان  کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا،شہباز شریف نے خادم الحرمین شریفین، شاہ سلمان بن عبدالعزیز ، ولی عہد و وزیرِ اعظم سعودی عرب شہزادہ محمد بن سلمان  اور سعودی عرب کے برادر عوام کے لیے مسلسل ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ولی عہد نے وزیرِ اعظم  شہباز شریف کی اچھی صحت، تندرستی اور پاکستان کے برادر عوام کی مزید ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہبازشریف اور سعودی ولی عہد کے درمیان ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق