وزیراعظم شہبازشریف اور سعودی ولی عہد کے درمیان ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کیلئے سعودی شاہی دیوان، قصر یمامہ پہنچ گئے، شاہی دیوان پہنچنے پر وزیر اعظم کا سعودی شاہی پروٹوکول کے ساتھ گھڑ سواروں نے استقبال کیا۔
شاہی دیوان پہنچنے پر سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا، وزیرِ اعظم کو سعودی مسلح افواج کے دستوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں قصر یمامہ میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم شہبازشریف اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان پاک سعودی تعلقات کو مزید فروغ دینے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، معاشی تعاون میں سرمایہ کاری کے نئے مواقعوں کی تلاش،توانائی کے منصوبوں اور خطے کے امن و استحکام پر تفصیلی گفتگو کی گئی، دونوں رہنماؤں نے قطر پر اسرائیلی حملے کی ایک پھر مذمت کی جبکہ عالمی برادری سے مسلہ فلسطین کے حل سمیت غزہ کی سنگین صورتحال کو بہتر بنانے اور اسرائیلی جرائم کو روکنے کے حوالے سے اقدامات کرنے پر زور دیا۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ کے امن اور خوشحالی کیلئے مسئلہ فلسطین کا حل ناگزیر ہوچکا ہے جبکہ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مسلہ فلسطین پر اپنے دو ٹوک موقف کو اختیار کیا ہے اور سعودی عرب کا ساتھ دیا ہے۔ ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف،فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر سمیت دیگر اہم شخصیات شریک تھیں۔
اس سے قبل وزیراعظم شہبازشریف سعودی عرب پہنچے تو ائیرپورٹ پر ڈپٹی گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن نے ان کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ سعودی رائل ائیرفورس کے طیاروں نے فضا میں سلامی پیش کی ۔
ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر چیف آف آرمی سٹاف، وزیرِ دفاع خواجہ آصف، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی شریک ہیں۔