نیول چیف کی امریکی عسکری و سول قیادت سے اہم ملاقاتیں، علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے امریکا کا سرکاری دورہ کیا، جس کے دوران انہوں نے امریکی بحریہ اور کوسٹ گارڈ کی اعلیٰ قیادت سمیت مختلف دفاعی و سول حکام سے ملاقاتیں کیں۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق، ایڈمرل نوید اشرف نے امریکی ڈپٹی چیف آف نیول آپریشنز اور کوسٹ گارڈ کے وائس کمانڈنٹ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں، جن میں پیشہ ورانہ تعاون، علاقائی سلامتی کی صورتِحال، میری ٹائم ٹریننگ اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دورے کے دوران نیول چیف نے امریکا کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا بھی دورہ کیا اور یونیورسٹی کے صدر وائس ایڈمرل پیٹر اے گارون سے ملاقات کی۔
اس موقع پر انہوں نے تعلیم و تربیت کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
ایڈمرل نوید اشرف نے امریکی محکمہ خارجہ میں ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری برائے سیاسی و عسکری امور سٹینلے ایل براؤن سے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:6.2 شدت کا زلزلہ
اس کے علاوہ، نیول چیف نے امریکی تھنک ٹینک اور اسکالرز سے بھی خطاب کیا، جس میں انہوں نے علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز اور پاک بحریہ کے مشترکہ بین الاقوامی آپریشنز میں کردار پر روشنی ڈالی۔
ترجمان کے مطابق، ایڈمرل نوید اشرف کا یہ دورہ پاکستان اور امریکا کے درمیان میری ٹائم سیکیورٹی اور دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔