امریکہ: ہاکی میچ کے دوران فائرنگ، باپ نے بیوی اور بچوں کو گولی مار کر خودکشی کر لی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک )امریکی ریاست رہوڈ آئی لینڈ کے شہر پاوٹکیٹ میں ہائی سکول ہاکی میچ کے دوران پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی بیوی اور بچوں پر فائرنگ کرنے کے بعد خود کو بھی گولی مار کر ہلاک کر لیا۔
واقعہ ڈینس ایم لنچ ایرینا میں پیش آیا، جہاں میچ جاری تھا کہ اچانک فائرنگ کی آوازیں گونج اٹھیں، لائیو اسٹریمنگ کی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ کھلاڑی سائیڈ لائن پر جھک گئے جبکہ برف پر موجود دیگر کھلاڑی فوری طور پر لاکر روم کی طرف بھاگ گئے۔
حکام کے مطابق تقریباً ایک درجن گولیاں چلائی گئیں۔،فائرنگ اسٹیڈیم کے اسٹینڈز میں تماشائیوں کے قریب ہوئی جبکہ برف پر موجود کھلاڑی محفوظ رہے۔
مقامی میڈیا سے گفتگو میں ایک خاتون نے دعویٰ کیا کہ حملہ آور اس کا والد تھا۔ اس کے مطابق ملزم نے اپنی بیوی کو قتل کیا اور بچوں پر بھی فائرنگ کی، جس کے بعد خود کو گولی مار لی۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستانیوں کیلئے ویزا پابندیاں ختم
واقعے میں کم از کم دو افراد ہلاک ہوئے جبکہ دو بچے اور ایک اور زخمی اسپتال میں تشویشناک حالت میں زیرِ علاج ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ بظاہر خاندانی تنازع کا نتیجہ ہے۔
ایف بی آئی نے تصدیق کی ہے کہ وہ مقامی پولیس کے ساتھ مل کر تحقیقات میں معاونت کے لیے تیار ہے،حکام کے مطابق اس وقت عوام کے لیے کوئی فوری خطرہ موجود نہیں، تاہم شہریوں کو احتیاطاً علاقے سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈین میکی، گورنر رہوڈ آئی لینڈ، نے بیان میں کہا کہ ریاست ایک بار پھر غم میں ڈوب گئی ہے اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔