عمران خان اور ان کی اہلیہ کیساتھ سلوک تشویشناک ہے،وزیراعلیٰ سہیل آفریدی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ آج عمران خان اور ان کی اہلیہ کے ساتھ جو سلوک روا رکھا جا رہا ہے وہ تشویشناک ہے،اگر وہ قانون کے نام پر گولیاں چلا سکتے ہیں تو ہم اسی آئین و قانون کیلئے گولیاں کھانے کیلئے تیار ہیں،ہم ہتھیار نہیں اٹھائیں گے اور کوئی غیر آئینی قدم نہیں اٹھائیں گے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے قومی وکلا جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وکلا جرگے کا مشورہ معزز عدلیہ کے ججز نے پیش کیا تاکہ غیر قانونی نظام کے خلاف مزاحمت کی جا سکے، وکلاء کے پاس عزم اور طاقت موجود ہے، اپنے حق کیلئے اس طاقت کا بھرپور مظاہرہ کریں،اگر آج مزاحمت نہ کی تو ہم غلام بن جائیں گے۔
سہیل آفریدی کاکہناتھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے تین ججز نے مجھے عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی لیکن سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے حکم نظر انداز کیا،ہم ملک میں آئین و قانون کی بالادستی، انصاف اور حق کی فراہمی چاہتے ہیں،اگر ایک سپرنٹنڈنٹ ججز کے احکامات ماننے سے انکار کرے تو آئین کی کیا حیثیت باقی رہ جاتی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کاکہناتھا کہ آج عمران خان اور ان کی اہلیہ کے ساتھ جو سلوک روا رکھا جا رہا ہے وہ تشویشناک ہے،اگر وہ قانون کے نام پر گولیاں چلا سکتے ہیں تو ہم اسی آئین و قانون کیلئے گولیاں کھانے کیلئے تیار ہیں،ہم ہتھیار نہیں اٹھائیں گے اور کوئی غیر آئینی قدم نہیں اٹھائیں گے۔
ان کاکہناتھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج سے ملاقات کیلئے گیا مگر طویل انتظار کے باوجود ملاقات نہ ہوئی اور سلام کا جواب بھی نہیں دیا،ہم تمام آئینی و قانونی راستے اختیار کر چکے ہیں مگر کہیں بھی انصاف نظر نہیں آ رہا،اگر ایک جماعت کو نشانہ بنایا جائے گا تو کل یہی سلوک دیگر جماعتوں کے ساتھ بھی ہوگا،عمران خان کی اہلیہ غیر سیاسی خاتون ہیں مگر انہیں بھی تنہائی میں رکھا گیا اور ملاقاتوں کی اجازت نہیں۔
سہیل آفریدی کاکہناتھا کہ پوری قوم کی نظریں وکلا برادری پر ہیں، وکلا کو فوجی عدالتوں میں پیش کیا جا رہا ہے،آپ کو مزاحمت کرنا ہوگی، ہم اور پوری قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے،22 اپریل کو عمران خان اور بشریٰ بی بی کے کیسز مقرر ہیں،آپ سب نے شفاف ٹرائل یقینی بنانا ہے، ان کاکہناتھا کہ 27 اپریل کو کراچی میں وکلا جرگہ منعقد ہوگا،اگر 5 مئی تک شفاف ٹرائل نہ ہوا تو 6 مئی کو مکمل قلم چھوڑ ہڑتال ہوگی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہاکہ آج کی طاقت نے واضح پیغام دیا ہے اور کچھ لوگوں کی نیندیں اڑا دی ہیں، ہماری جدوجہد اب مزید تیز ہوگی،ظلم ہمیشہ قائم نہیں رہتا، جتنا بھی بڑھ جائے بالآخر مٹ جاتا ہے اور حق و سچ کی فتح ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:موٹر سائیکل مالکان کو پیٹرول پر 100روپے کا ریلیف، ابتک کی بڑی خبر آ گئی