شہری کی درخواست کام کرگئی،کے الیکٹرک ،نیپرا اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ممتازجمالی ) سندھ ہائی کورٹ نے پورے علاقے کی بجلی منقطع کرنے کے خلاف کراچی کے شہری کی درخواست کی سماعت کی استدعا منظور کرلی۔
سندھ ہائیکورٹ میں بجلی کا بل بھرنے والی صارف کی پورے علاقے کی بجلی منقطع کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی،عدالت نے درخواست کی سماعت کی استدعا منظور کرتے ہوئے کے الیکٹرک ،نیپرا اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرکے 21 جنوری کو جواب طلب کرلیا۔
وکیل درخواست گزارکے مطابق درخواست گزار اورنگی ٹاؤن نمبر 8 داتا نگر کا رہائشی اور کے الیکٹرک کاسٹار کسٹمر ہے،بل ادا کرنے کے باوجود علاقہ مکینوں کو غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے۔
وکیل درخواست گزارکے مطابق 13 جنوری کو کے الیکٹرک نے بغیر کسی پیشگی نوٹس کے پورے علاقے کی بجلی منقطع کردی ، کے الیکٹرک نے ہائی لائن لاسز کا جواز دیکر علاقے کا پی ایم ٹی منقطع کیا، باقاعدگی سے بجلی کا بل ادا کرنے کے باوجود بلا نوٹس بجلی بند کرنا امتیازی سلوک ہے، بجلی کی طویل بندش سے روزمرہ زندگی شدید متاثر ہورہی ہے، بجلی بحالی کی متعدد کوششوں اور شکایتوں کے باوجود بجلی بحال نہیں کی جاسکی ہے، نومبر 2025 میں بھی اسی طرح علاقے کی بجلی منقطع کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا جاری کردہ شیڈول واپس
درخواست گزارکے مطابق کے الیکٹرک کے خلاف نیپرا میں بھی شکایت زیر سماعت ہے،سندھ ہائی کورٹ میں دائر درخواست بجلی بحالی پر واپس لے لی تھی،نیپرا ایکٹ کے تحت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں پر بلا امتیاز بجلی کی فراہمی لازم ہے، چند صارفین کی جانب سے عدم ادائیگی کو بنیاد بنا کر پورے علاقے کی بجلی بند کرنے کی کسی قانون میں اجازت نہیں ہے،کنزیومر سروس مینوئل 2021کے تحت بجلی منقطع کرنے کا اختیار صرف نادہندگان کے خلاف استعمال کیا جاسکتا ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے استدعاکی گئی ہے کہ کے الیکٹرک کے پورے علاقے کی بجلی منقطع کرنے کے اقدام کو غیر قانونی قرار دیا جائے اوربجلی فوری طور پر بحال کرنے کا حکم دیا جائے،نیپرا کو کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔