کچھ یونین کونسلز میں زبردستی نتائج تبدیل کرائے گئے: حافظ نعیم الرحمان کا الزام

Jan 16, 2023 | 12:09:PM
حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 18 گھنٹے گزر گئے آر او نتائج نہیں دے رہے، کچھ یونین کونسلز میں زبردستی نتائج تبدیل کرائے گئے
کیپشن: حافظ نعیم الرحمان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24 نیوز) حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 18 گھنٹے گزر گئے آر او نتائج نہیں دے رہے، کچھ یونین کونسلز میں زبردستی نتائج تبدیل کرائے گئے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نتائج روکے گئے توجماعت اسلامی کے پاس تمام آپشنز موجود ہیں، جماعت اسلامی نے بلدیاتی انتخابات کے لئے بہت محنت کی ہے، کچھ یونین کونسلز میں زبردستی نتائج تبدیل کرائے گئے۔

حافظ نعیم نے بلدیاتی انتخابات میں 100 نشستوں پر کامیابی کا دعویٰ کیا اور ساتھ ہی زبردستی نتیجہ تبدیل کرانے کا بھی الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 30 ووٹر لسٹوں میں گڑ بڑ موجود ہے، پھر بھی ایک معقول تعداد میں لوگوں نے ووٹ ڈالا ہے اور پی پی کے بھی بہت سارے لوگوں نے جماعت اسلامی کو ووٹ دیا ہے لیکن ہماری اکثریت کو کم کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ جماعت اسلامی تقریباً 100 نشستوں پر کامیاب ہوگئی ہے، باقی سیٹوں پر ابہام اور تنازع ہے، فارم 11 ہم نے بہت مشکل سے حاصل کیے ہیں،رات دیر فارم 11،12 ملنے کا سلسلہ شروع ہوا، آراوز سے ہمیں رزلٹ نہیں مل رہے،  پولنگ کو ختم ہوئے 18 گھنٹے گزرنے کے باوجود آراوز سے رزلٹ موصول نہیں ہوئے۔

جماعت اسلامی کے رہنما کا کہنا تھا کہ جو آراوز بھی نتیجہ تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں انہیں روکا جائے، ہم نے محنت اور جدوجہد کر کے یہ الیکشن کروایا ہے، جہاں گڑبڑ ہوگی ہم اسے ایکسپوز بھی کریں گے، بعض یوسیز میں زبردستی نتیجہ تبدیل کروایا گیا ہے۔