ملک بھرمیں 17 سے 19 اگست تک شدید بارشوں کا امکان

Aug 16, 2025 | 18:45:PM
 ملک بھرمیں 17 سے 19 اگست تک شدید بارشوں کا امکان
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(روزینہ علی)محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں 17سے 19 اگست تک شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال میں 18 سے 20 اگست کے دوران تیز ہواؤں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

جہلم، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، بھکر، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 18 سے 20 اگست تک تیز ہواؤں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے،جھنگ، فیصل آباد، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، سیالکوٹ، نارووال میں 18 سے 20 اگست بارشوں کی پیش گوئی کی گئی جبکہ  لاہور، قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، ساہیوال میں 18 سے 20 اگست بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، بہاولنگر، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان اور ڈی جی خان میں 18 سے 20 اگست بارشوں کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔  

خیبر پختونخواکے بیشترعلاقوں میں  چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، بونیر میں 17 سے 19 اگست تک تیز ہواؤں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے جبکہ  ہری پور، بٹگرام، مردان، صوابی، خیبر، اورکزئی، کرم، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، وزیرستان میں بھی 17 سے 19 اگست تیز ہواؤں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ 

 ادھر سندھ کے مختلف شہروں میں 17 سے 22 اگست بارشوں کا امکان ہے،تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، سجاول تیز ہواؤں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، ٹھٹھہ، سانگھڑ، خیرپور، کراچی، دادو، جامشورو میں 17 سے 22 اگست بارشوں کا امکان ہے،ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان اور سکھر میں 17 سے 22 اگست بارشوں کا امکان ہے ۔ 

بلوچستان کے علاقوں بارکھان، موسیٰ خیل، لورالائی، سبی، ژوب، قلعہ سیف اللہ، خضدار، لسبیلہ، اواران، کیچ، گوادر اور پنجگور میں 17 سے 21 اگست تیز ہواؤں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے،بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے ،17 سے 19 اگست کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، مری، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ 

انتظامیہ کی جانب سے سیاحوں اور مقامی افراد کو سفر کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 

 علاوہ ازیں خیبرپختونخوا کے سیلاب اور بارشوں سے متاثر اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

محکمہ ریلیف و آبادکاری خیبرپختونخوا نے اعلامیہ جاری کیا ہے جس کے مطابق بارش و سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 31 اگست تک ایمرجنسی نافذ ہے۔

اعلامیے کے مطابق سوات، بونیرم، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ، دیراپر، دیر لوئر، بٹگرام میں ایمرجنسی کا نفاذ ہوگا، متاثرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو فوری امدادی کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ علاقوں کو امدادی سامان کی فراہمی جاری ہے، کے پی میں بارشوں اور فلش فلڈنگ سے اموات کی تعداد 308 تک پہنچ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے مختلف شہروں میں کلائوڈ برسٹ کا خطرہ