امریکی صدر کا بیان مسترد، پاکستان کا جوہری پروگرام مکمل محفوظ ہے، وزیراعظم شہباز شریف

Oct 15, 2022 | 19:16:PM
وزیراعظم شہباز شریف، امریکی صدر، بیان، حقائق کے برعکس، گمراہ کن، قرار،
کیپشن: شہبازشریف فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر کے بیان کو حقائق کے برعکس اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر کے بیان پر کہاہے کہ گزشتہ دہائیاں ثبوت ہیں کہ پاکستان انتہائی ذمہ دار جوہری ریاست ہے،جوہری پروگرام موثر تکنیکی اور فول پروف کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے زیر انتظام ہے ،جوہری ہتھیاروں کی صلاحیت سے متعلق پاکستان نے ہمیشہ نہایت ذمہ دارانہ کردار کا مظاہرہ کیا ہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہناتھا کہ پاکستان نے عدم پھیلاؤ، سلامتی وتحفظ پر عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی۔اے۔ ای۔اے) سمیت عالمی معیارات کے اپنے پختہ عہد کو پورا کیا ہے ۔ان کا کہناتھا کہ عالمی امن کو اصل خطرہ عالمی مروجہ اقدار کو پامال کرنے والی بعض ریاستوں، انتہا پسند قومیت پسندی، غیرقانونی قبضوں کے خلاف جدوجہد کرنے والوں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے ہے ،دنیا کے امن کو اصل خطرہ سرفہرست جوہری ممالک کے درمیان اسلحہ کی دوڑ سے ہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ دنیا کے امن کو اصل خطرہ ان ممالک سے ہے جہاں جوہری سلامتی سے متعلق باربار حادثات ہوئے ،دنیا کے امن کو اصل خطرہ سلامتی کے ان اتحادوں سے ہے جن کی تشکیل سے علاقائی توازن متاثر ہو رہا ہے ۔
ان کاکہناتھا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوستی اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کی ایک طویل تاریخ ہے ،دنیا جب بڑے بڑے مسائل اور مشکلات سے دوچار ہے، ایسے میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کی حقیقی صلاحیت کو پہچاننے کےلئے خالص اور پائیدار کوششیں نہایت ناگزیر ہیں ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ اس مقصد کیلئے غیرضروری بیانات سے پرہیز کیا جائے ،علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کیلئے امریکہ کے ساتھ تعاون کی پرخلوص خواہش رکھتے ہیں۔