پی سی بی کا سینٹرل کنٹریکٹ سسٹم بڑی تبدیلیوں کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ سسٹم میں بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں، جن کے تحت اب کھلاڑیوں کی کارکردگی کا زیادہ تر انحصار ڈیٹا اور جدید تجزیاتی نظام پر ہوگا۔
لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ نیا ماڈل جدید کرکٹ کے بدلتے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے، جس میں کھلاڑیوں کی جانچ کے لیے روایتی طریقوں کی جگہ ڈیٹا بیسڈ اپروچ کو مرکزی حیثیت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب سینٹرل کنٹریکٹ کا تقریباً 85 فیصد حصہ کارکردگی کے ڈیٹا کی بنیاد پر طے کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی ڈیٹا اینالیسس کو شامل کیا جا رہا ہے جبکہ کھلاڑیوں کے لیے میڈیکل فٹنس کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی کے مطابق نئے نظام کے تحت ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹرز کا براہِ راست موازنہ ختم کر دیا گیا ہے، اور ہر فارمیٹ کو الگ شناخت اور اہمیت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کھلاڑی کو اس کے مخصوص فارمیٹ ٹریک سے منسلک کیا جائے گا تاکہ اس کی کارکردگی کا جائزہ اسی کے مطابق لیا جا سکے۔
پی سی بی نے پرانے کیٹیگری سسٹم کی جگہ پانچ واضح فارمیٹ ٹریکس متعارف کرائے ہیں۔ اس نئے ماڈل کے تحت کھلاڑیوں کا موازنہ اب اپنے ہی فارمیٹ کے دیگر کھلاڑیوں سے کیا جائے گا۔
محسن نقوی نے بتایا کہ محدود آمدنی کے باعث ٹیسٹ کرکٹرز کے لیے اضافی مراعات کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔