سندھ : تعلیمی نظام میں شفافیت، مانیٹرنگ کیلئے ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ

May 14, 2026 | 19:23:PM
سندھ : تعلیمی نظام میں شفافیت، مانیٹرنگ کیلئے ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ
کیپشن: سندھ میں تعلیمی نظام میں شفافیت، احتساب، مانیٹرنگ کیلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(زبیر راشد )سندھ حکومت نے تعلیمی نظام میں شفافیت، احتساب اور مؤثر مانیٹرنگ کے فروغ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی جانب اہم قدم اُٹھا لیا۔

وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کی ہدایت پر صوبے بھر میں ڈیجیٹل حاضری کے نظام  کے نفاذ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ اسکول ایجوکیشن نے باضابطہ ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے تمام ملازمین کے لیے چہرے کی تصدیق لازمی قرار دے دی ہے۔

محکمہ تعلیم کے مطابق Facial Recognition Attendance & Monitoring Evaluation System (FRAMES) اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کی شفاف حاضری، تصدیق اور مؤثر نگرانی کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔

ہدایت نامے کے تحت سندھ بھر میں ضلع وار ٹیمیں مقررہ شیڈول کے مطابق تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی فیشل رجسٹریشن مکمل کریں گی، تمام ڈی ای اوز، ٹی ای اوز، پرنسپلز اور ہیڈماسٹرز کو اپنے ماتحت ملازمین کی بروقت تصدیق اور FRAMES میں رجسٹریشن یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

متعلقہ افسران کو FRAMES ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کرنے اور ملازمین کی مقررہ تاریخ، وقت اور مقام پر حاضری یقینی بنانے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔

محکمہ تعلیم نے خبردار کیا ہے کہ رجسٹریشن سے دانستہ گریز، انکار یا بلاجواز عدم تعاون کی صورت میں متعلقہ ملازم کو غیر تصدیق شدہ تصور کیا جا سکتا ہے، جبکہ فیشل رجسٹریشن مکمل ہونے تک تنخواہ کی ادائیگی روکنے سمیت قواعد کے تحت کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

ہدایت نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ ملازمین کی عدم رجسٹریشن کی ذمہ داری متعلقہ انتظامی افسران، ڈی ڈی اوز، پرنسپلز، ہیڈماسٹرز، ٹی ای اوز اور ڈی ای اوز پر بھی عائد ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں :نئی پالیسی ! سولر سسٹم لگوانے والوں پر کڑی شرط عائد، صارفین پریشان