فلم ’’دھرندھر 2‘‘کیوں نہیں کی؟انیل کپور نے وجہ بتادی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)بالی ووڈ اداکار انیل کپور نے بھارتی فلم’ ’دھرندھر 2‘‘ میں کیمیو کرنے سے انکار کی وجہ بتادی۔
بالی ووڈ کے سینئر اداکار انیل کپور نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں پاکستان کے شہر کراچی کے علاقے لیاری کی گینگ وار پر مبنی فلم’ ’دھرندھر‘‘ کے سیکوئل میں مختصر کردار کی پیشکش ہوئی تھی جس کے لیے انہوں نے انکار کردیا تھا۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 69 سالہ اداکار نے بتایا کہ فلم ساز ادیتہ دھر نے انہیں اس فلم کے سیکوئل میں ایک کیمیو کردار کی پیشکش کی تھی اور انہیں یہ پیشکش پسند آئی تھی مگر وقت کی کمی کے باعث وہ اس کا حصہ نہیں بن سکے۔
انیل کپورکا کہنا تھا کہ آج میں جو کچھ بھی ہوں اس کی وجہ میری پیشہ ورانہ دیانت داری اور وعدوں کی پابندی ہے اور یہ بہت اہم ہے، صرف ٹیلنٹ ہی آپ کو کامیاب نہیں بناتا۔
سینئربالی ووڈاداکار کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت اپنی تاریخیں پہلے ہی ایک اور فلم ساز کو دے چکے تھے اس لیے انہوں نے اسی وعدے کو نبھانا مناسب سمجھا کیوں کہ وہ فلم ریلیز کر رہے ہیں اور یہ ایک شاندار فلم ہے، یہ میرا نقصان ہے لیکن کوئی بات نہیں، امید ہے کہ ہم مستقبل میں ساتھ کام کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:حکیم شہزاد کی نویں جماعت کی طالبہ سے پانچویں شادی،تصاویروائرل
انیل کپور کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں،بعض مداحوں کا خیال ہے کہ شاید انہیں سیکوئل میں پراسرار کردار بڑے صاحب ادا کرنے کی پیشکش کی گئی تھی۔
یہ افواہیں بھی گردش کر رہی ہیں کہ یہ کردار عمران ہاشمی ادا کر سکتے ہیں، تاہم فلم سازوں کی جانب سے اس بارے میں کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔