وفاقی بجٹ آئی ایم ایف کی ہدایات پر تیار کیا گیا: جے یو آئی

Jun 14, 2026 | 20:10:PM
وفاقی بجٹ آئی ایم ایف کی ہدایات پر تیار کیا گیا: جے یو آئی
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عثمان خان)جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے ترجمان اسلم غوری نے وفاقی بجٹ 2026-27 کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بجٹ پاکستانی عوام کی ضروریات کے بجائے آئی ایم ایف کی ہدایات کی روشنی میں تیار کیا گیا ہے۔

اپنے بیان میں اسلم غوری نے کہا کہ بجٹ محض الفاظ کا گورکھ دھندہ ہے اور اس میں عوام کو درپیش حقیقی مسائل کا کوئی مؤثر حل پیش نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی بجٹ بھی حکومت کی طرح "ہائبرڈ" ہے اور زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتا۔

ترجمان جے یو آئی کا کہنا تھا کہ بجٹ میں زراعت اور کسانوں کو خاطر خواہ ریلیف فراہم نہیں کیا گیا، جبکہ ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے کے بجائے قرضوں پر زیادہ انحصار کیا گیا ہے۔

اسلم غوری نے کہا کہ مہنگائی کی موجودہ شرح اور عوام کو دیے گئے ریلیف کے درمیان زمین آسمان کا فرق ہے، جس کے باعث غریب مزید غریب اور متوسط طبقہ بھی معاشی دباؤ کا شکار ہو جائے گا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ بجٹ میں تعلیم، صحت اور بنیادی ضروریاتِ زندگی کے شعبوں کو یکسر نظر انداز کیا گیا ہے، جبکہ تنخواہ دار طبقے کو بھی مہنگائی کے تناسب سے مناسب ریلیف نہیں دیا گیا۔

جے یو آئی کے ترجمان نے خدشہ ظاہر کیا کہ موجودہ بجٹ کے نتیجے میں ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاسی استحکام اور امن و امان کے بغیر معاشی استحکام کا حصول ممکن نہیں۔

اسلم غوری نے مطالبہ کیا کہ حکومت عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے بجٹ پر نظرثانی کرے اور ایسے اقدامات کرے جو حقیقی معنوں میں عوامی فلاح اور معاشی ترقی کا سبب بن سکیں۔

یہ بھی پڑھیں :محرم الحرام کا چاند کل صبح 7 بج کر 54 منٹ پر پیدا ہونے کا امکان