تھائی لینڈ میں تعمیراتی کرین ٹرین پر گرنے سےہلاکتوں کی تعداد32 ہوگئی, 66 زخمی

Jan 14, 2026 | 18:23:PM
تھائی لینڈ میں تعمیراتی کرین ٹرین پر گرنے سےہلاکتوں کی تعداد32 ہوگئی, 66 زخمی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)تھائی لینڈ کے شمال مشرقی علاقے میں ایک زیرِ تعمیر منصوبے کے دوران تعمیراتی کرین چلتی مسافر ٹرین پر گر گئی  جس کے نتیجے میں کم از کم 32 افراد ہلاک اور 66 زخمی ہو گئے،حکام کے مطابق زخمیوں میں ایک سالہ بچہ اور 85 سالہ بزرگ بھی شامل ہیں جبکہ سات افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے پیش آیا جب بنکاک سے صوبہ اوبون راتچا تھانی جانے والی ٹرین حادثے کا شکار ہوئی،اس وقت ٹرین میں 171 مسافر سوار تھےجن میں زیادہ تر طلبہ اور ملازمت پیشہ افراد شامل تھے۔

ریلوے حکام کے مطابق کرین گرنے سے ٹرین پٹری سے اتر گئی،کئی بوگیاں بری طرح تباہ ہو گئیں اور ایک بوگی میں آگ بھی لگ گئی۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کرین ایک بڑے کنکریٹ حصے کو اٹھا رہی تھی کہ اچانک وہ نیچے آ گرا اور ٹرین کو کچل دیا۔

ایک ریلوے اہلکار اور حادثے کے زندہ بچ جانے والے، تھیراسک وونگ سونگ نرن  نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ٹکر کے وقت مسافر ہوا میں اچھل گئے،ایک اور عینی شاہد مالیوان ناک تھون کے مطابق پہلے کنکریٹ کے چھوٹے ٹکڑے گرے، پھر کرین آہستہ آہستہ پھسلتی ہوئی نیچے آئی اور زور سے ٹرین پر آ گری،ان کے مطابق پورا واقعہ ایک منٹ سے بھی کم وقت میں پیش آیا۔

تھائی لینڈ کی  سٹیٹ ریلوے نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور کرین کی ذمہ دار تعمیراتی کمپنی اطالین-تھائی ڈیولپمنٹ پبلک کمپنی لمیٹڈ کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا ہے،کمپنی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے اہلِ خانہ کو معاوضہ دینے کا وعدہ کیا ہے۔

تھائی وزیرِاعظم انوتن چارنویراکُل نے واقعے پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس حادثے کے ذمہ داروں کو سزا دی جانی چاہیے،ان کے مطابق اس نوعیت کے حادثات غفلت،حفاظتی اقدامات میں کوتاہی یا ناقص مواد کے باعث ہوتے ہیں۔

یہ کرین ایک چین کے تعاون سے بننے والے 5.4 ارب ڈالر کے ریلوے منصوبے پر کام کر رہی تھی  جس کا مقصد بنکاک کو ہمسایہ ملک لاؤس سے جوڑنا ہے، چینی سفارت خانے نے وضاحت کی ہے کہ اس حادثے میں کوئی چینی کمپنی یا کارکن ملوث نہیں تھا۔

واضح رہے کہ تھائی لینڈ میں حفاظتی قوانین کے کمزور نفاذ کے باعث تعمیراتی حادثات ماضی میں بھی جان لیوا ثابت ہوتے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: قبرص کے سابق صدر جارج واسلیو 94 سال کی عمرمیں انتقال کر گئے