پی ایس ایل 8: آج کراچی کنگز اور پشاور زلمی آمنے سامنے ہوں گے

Feb 14, 2023 | 12:24:PM
پی ایس ایل 8: آج کراچی کنگز اور پشاور زلمی آمنے سامنے ہوں گے
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) پاکستان سپر لیگ 8 کا اہم میچ آج دو بڑی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا نیشنل اسٹیڈیم میں ٹورنامنٹ کی سب سے مقبول ٹیم کراچی کنگز اور پشاور زلمی ٹکرائیں گی۔

کرکٹ شائقین کو کنگز کے محمد عامر اور زلمی کے کپتان بابراعظم کے ٹاکرے کا بے صبری سے انتظار ہے اور ان کا یہ انتظار ختم ہونے کو ہے۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں میچ رات 8 بجے شروع ہوگا۔ چھکوں، چوکوں کی برسات اور اڑتی وکٹوں کے مناظر کرکٹ کے دلدادہ افراد کو محظوظ کریں گے۔

ہائی والٹیج ٹاکرے سے پہلے دونوں ٹیموں نے بھرپور پریکٹس کی اور تیاریوں کو حتمی شکل دی۔

کراچی کنگز کی بیٹنگ مضبوط، بولنگ خطرناک ہے، 500 ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کا تجربہ رکھنے والے شعیب ملک کا ساتھ حاصل ہے تو شرجیل خان، حیدر اور میتھیو ویڈ بھی ٹیم کے اہم ہتھیار ہیں۔

پشاور زلمی میں اگر بابر اعظم جیسا بڑا اسٹار ہے تو محمد عامر بھی کنگز کے ٹرم کارڈ ہیں۔ فاسٹ بولر محمد عامر پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ بولر ہیں ویلنٹائن ڈے پر وہ بابر کو پھول نہیں دیں گے بلکہ وکٹیں لیں گے۔

دوسری جانب پشاور زلمی کی قیادت سنبھالنے والے بابر اعظم کا کہنا ہے کہ کراچی کنگز سے 6 سال بہت پیار ملا اب کوشش ہے کہ زلمی کو ٹرافی جتواؤں۔

عامر اور بابر کا مقابلہ دیکھنے کیلئے شائقین اتنے پُرجوش ہیں کہ میچ کے ٹکٹس نایاب ہوگئے ہیں۔ آج نیشنل اسٹیڈیم  میں جو بھی ٹیم میدان مارے گی وہ ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنے کا مومینٹم حاصل کرلے گی۔

دوسری جانب آج کے بڑے میچ کیلئے بڑی تیاریاں بھی مکمل کرلی گئی ہیں۔ فول پروف سیکیورٹی انتطامات کرتے ہوئے 75 سو پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جس میں ایس ایس یو کے کمانڈوز بھی شامل ہیں جبکہ ٹریفک پلان بھی جاری کیا جا چکا ہے۔