پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی میں 80 واں یوم آزادی روایتی جوش و جذبے سے منایا گیا

Aug 14, 2026 | 19:04:PM
پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی میں 80 واں یوم آزادی روایتی جوش و جذبے سے منایا گیا
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز )پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی میں پاکستان کا 80 واں یوم آزادی روایتی جوش و جذبے اور شایان شان انداز میں منایا گیا، بھارت میں پاکستان کے ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے چانسری لان میں منعقدہ پروقار تقریب میں قومی پرچم لہرایا۔

تقریب میں پاکستان ہائی کمیشن کے اراکین اور ان کے اہل خانہ نے  شرکت کی، اس موقع پر صدر مملکت، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔

انھوں نےبتایا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی متحرک قیادت میں پاکستان کا قیام برصغیر کے مسلمانوں کے پختہ عزم کی صرف فتح ہی نہیں تھا بلکہ علیحدہ وطن کے حصول کے لئے ان کے مقدر کی تکمیل بھی بنا،  گزشتہ برسوں کے دوران پاکستان نے زندگی کے تمام شعبوں میں نمایاں پیشرفت کی ہے، پاکستان کی جوہری صلاحیت جنوبی ایشیاء میں استحکام کا باعث ہے۔

سعد احمد وڑائچ نے کہا کہ معرکہ حق پاکستان کی خودمختاری اور عوام کے وقار کے تحفظ اور بقاء کے لئے ہمارے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہے، آزادی خداوند کریم کا انمول تحفہ ہے، نئی دہلی میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے یہ احساس اور گہرا ہو جاتا ہے،ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے مادر وطن کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے عظیم شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ملکی دفاع میں پاک مسلح افواج کے کردار کو سراہا۔

 ناظم الامور  نے کہا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی، مذاکرات اور سفارت کاری کے اصولوں پر پختہ یقین رکھتا ہے،پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تاریخی معاہدہ علاقائی استحکام اور عالمی امن کے فروغ کی جانب اہم سنگ میل ہے، جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کی راہ تنازعہ جموں و کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل سے ہو کر گذرتی ہے۔

سعد احمد وڑائچ نے کہا کہ استصواب رائے کے حق کے حصول تک ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے، اللہ کے کرم، قومی اتحاد اور محنت سے پاکستان ترقی کی نئی منازل طے کرے گا، سربلند، سرسبز ہلالی پرچم یونہی فضاؤں میں لہراتا رہے گا اور دنیا ہماری کامیابیوں کی گواہ بنتی رہے گی۔

تقریب میں روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے ملی نغمے پیش کئے اور تقاریر کیں جن میں قیام پاکستان کے لئے کی جانے والی تاریخی جدوجہد کو اُجاگر کیا گیا، اس پرمسرت موقع پر خصوصی کیک بھی کاٹا گیا۔

سعد احمد وڑائچ نے قائداعظم کی زندگی، وژن اور تاریخی جدوجہد پر مبنی تصویری نمائش کا بھی افتتاح کیا جو رواں سال بانی پاکستان کی 150 ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی طور پر ترتیب دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :حکومت سے پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے مذاکرات بے نتیجہ ختم