پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ٹی ٹوئنٹی معرکہ آج ہوگا

Apr 14, 2023 | 12:15:PM
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ٹی ٹوئنٹی معرکہ آج ہوگا
کیپشن: دونوں ٹیموں کے درمیان گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے بعد یہ پہلا ٹی ٹوئنٹی مقابلہ ہوگا۔
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے بعد یہ پہلا ٹی ٹوئنٹی مقابلہ ہوگا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک 29 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گئے ہیں جن میں 18 مرتبہ گرین شرٹس جبکہ 11 مرتبہ کیویز کو جیت حاصل ہوئی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے پاکستان کیخلاف سب سے زیادہ رنز سٹار بیٹر کین ولیمسن نے بنائے ہیں۔
انہوں نے پاکستان کے خلاف 19 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل کر 584 رنز بنائے ہیں جبکہ پاکستان کی جانب سے سابق آل راؤنڈر محمد حفیظ بلیک کیپس کے خلاف 18 میچز میں 563 رنز بنا کر نمایاں ہیں۔
اگر بولنگ ریکارڈ کی بات کی جائے تو کیوی پیسر ٹم ساؤتھی پاکستان کیخلاف 18 میچز کھیل کر 28 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جبکہ پاکستان کی طرف سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ سابق آل راؤںڈر شاہد آفریدی کے پاس ہے جنہوں نے 15 میچز میں 21 کیویز کا شکار کیا۔
دورہ پاکستان پر موجود نیوزی لینڈ کی ٹیم کے ساتھ کین ولیمسن، ڈیوون کانوے، ٹِم

ساؤتھی، فِن ایلن، لوکی فرگوسن اور گلین فلپس انڈین پریمیئر لیگ کے باعث موجود نہیں ہیں۔
کین ولیمسن کی عدم موجودگی کے باعث کیویز کی کپتانی ٹام لیتھم کریں گے

جبکہ دوسری جانب گرین شرٹس کے کپتان بابر اعظم بھی آرام کرنے کے بعد ٹیم میں واپس آگئے ہیں۔
اس سے قبل گزشتہ سال دسمبر میں بھی نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کیلئے پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں ٹیسٹ سیریز 0-0 سے ڈرا اور ون ڈے سیریز میں نیوزی لینڈ کو 1-2 سے فتح حاصل ہوئی تھی۔
نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچنگ سٹاف میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
اس سیریز کیلئے پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن ہوں گے جبکہ اینڈریو پُٹک ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
اسی طرح عبد الرحمان ہیڈ کوچ کے معاون کے طور پر کام کریں گے اور سابق پاکستانی فاسٹ بولر عمر گل قومی ٹیم کے بولنگ کوچ ہوں گے۔
خیال رہے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی آج پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے کھیلا جائے گا۔

Shamroze Khan

شمروز خان صحافت کے طالب علم ہیں اور بطور سب ایڈیٹر (ویب) 24 نیوز کے ساتھ منسلک ہیں۔ سماجی مسائل، موضوعات اور حقائق پر لکھنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔