حکومت کا تاریخی اقدام، ہسپتالوں ، مراکز صحت میں نئی سہولت متعارف

Oct 13, 2025 | 19:15:PM
حکومت کا تاریخی اقدام، ہسپتالوں ، مراکز صحت میں نئی سہولت متعارف
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو نئی سہولت فراہم کردی، ہسپتالوں اور مراکز صحت میں پیدائش اور وفات کی اطلاع کے ڈیجیٹل نظام نے کام شروع کر دیا۔

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ملک بھر میں صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے پیدائش اور وفات کے اندراج کے عمل کو مزید موثر، تیز اور شفاف بنانے کے لئے ہسپتالوں اور مراکز صحت میں جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ کی ہدایات پر نادرا ملک میں رجسٹریشن کے نظام کو بہتر بنانے اور اس میں پائی جانے والی خامیوں کو دور کرنے کے لئے سرگرم عمل ہے، نادرا کا یہ اقدام نیشنل بائیومیٹرک اینڈ رجسٹریشن پالیسی فریم ورک کا حصہ ہے جس کی منظوری وزیراعظم پاکستان نے یکم جنوری 2025 کو دی۔

نادرا کا کہنا ہے کہ پراجیکٹ کے آزمائشی مرحلے پر کام جاری ہے اور وسیع تر عملدرآمد کے سلسلے میں صوبائی حکومتوں کی جانب سے تیاریاں مکمل ہونے پر اس کا دائرہ پورے ملک میں پھیلا دیا جائے گا۔

پائلٹ پراجیکٹ کے تحت نادرا نے ملک بھر میں 50 سے زائد ہسپتالوں اور مراکز صحت میں یہ نظام فراہم کیا ہے جن میں اسلام آباد کے ہسپتالوں میں پمز، سی ڈی اے اور فیڈرل گورنمنٹ، لاہور کا لیڈی ایچیسن ہسپتال، کوئٹہ میں بولان میڈیکل کالج ، ڈی ایچ کیو، شیخ زید اور آریہ ہسپتال میں یہ سہولت فراہم کیا ہے۔

اس کے علاوہ خیبرپختونخوا میں ڈی ایچ کیو ہسپتال ہری پور اور بٹ خیلہ، آزاد جموں وکشمیر میں ڈی ایچ کیو ہسپتال میرپور، گلگت میں شہید سید الرحمان ہسپتال، صوبہ سندھ میں حیدرآباد کے متعدد ہسپتال اور مٹیاری کے ہسپتال اور بنیادی مراکز صحت شامل ہیں۔

اس نظام کی بدولت ہسپتال یا مرکز صحت میں پیدائش یا وفات کی اطلاع نادرا کو براہ راست موصول ہوتی ہے، نادرا کی جانب سے والدین یا متوفی کے ورثاء کو موبائل ایپ اور ایس ایم ایس کے ذریعے یونین کونسل میں اندراج کرانے کا پیغام بھجوا یا جائے گا۔

پائلٹ پراجیکٹ کے دوران خودکار نظام کے تحت اب تک ملک بھر میں پیدائش کی 4 ہزار اور وفات کی 407 اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

اس نظام کے تحت شہری نادرا کی موبائل ایپ کے ذریعے یا قریبی یونین کونسل جا کر پیدائش یا وفات کا اندراج اپنی متعلقہ یونین کونسل میں کرا سکیں گے۔ پائلٹ پراجیکٹ کے تحت یہ سہولت پنجاب کے تین اضلاع میں کامیابی سے جاری ہےاور جلد ہی یہ پورے پنجاب میں میسر ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں :راولپنڈی میں 4 روز بعد تعلیمی ادارے کھل گئے