امریکہ نے 450 سے زائد قیمتی ثقافتی نوادرات پاکستانی حکام کے حوالے کر دیئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)امریکہ نے 450 سے زائد قیمتی اور نایاب ثقافتی نوادرات پاکستانی حکام کے حوالے کر دیئے ہیں ، ثقافتی نوادرات کی مجموعی مالیت 2 لروڑ30 لاکھ ڈالر بتائی جا رہی ہے ۔
اس حوالے سے وفاقی دارالحکومت میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں 450 سے زائد قیمتی نوادرات پاکستانی حکام کے حوالے کیے گئے ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس پال کپور نے کہا کہ پاکستان کا تاریخی اور نادر ثقافتی ورثہ اب اپنے گھر واپس آ گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ واپس کیے گئے نوادرات کی مجموعی مالیت 2 کروڑ 30 لاکھ ڈالر سے زائد ہے۔
امریکی معاون وزیر خارجہ کے مطابق یہ کامیابی مین ہیٹن ڈسٹرکٹ اٹارنی آفس اور امریکی ہوم لینڈ سیکیورٹی کی مشترکہ کوششوں سے ممکن ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ نوادرات پاکستان کی تاریخ کے اہم ابواب ہیں جو آنے والی نسلوں کو اپنے ورثے سے جوڑے رکھیں گے۔
ایس پال کپور نے بتایا کہ اس مجموعے میں چار ہزار سال قدیم مٹی کی مورتیاں اور انسانی تہذیب کی ابتدائی تخلیقات شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر شے پاکستان کے عوام کی ملکیت ہے جو اب واپس اپنے وطن پہنچ چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوادرات کی اسمگلنگ اربوں ڈالر پر مشتمل عالمی مجرمانہ کاروبار ہے، جو اقوام سے ان کی تاریخ اور شناخت چھین لیتا ہے۔ امریکہ پاکستان کے ساتھ مل کر ثقافتی ورثے کی اسمگلنگ کے خلاف تعاون جاری رکھے گا۔
تقریب میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ پاک امریکہ معاہدہ غیر قانونی نوادرات کی امریکی مارکیٹ تک رسائی روکنے میں مددگار ثابت ہوگا، جبکہ اس معاہدے کے تحت میوزیم تبادلوں، ثقافتی تحفظ اور پیشہ ورانہ تربیت کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں :پاکستان کے مجموعی قرضے نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے