شہباز شریف صاحب بھاگنے کی بجائے اپنے کیسز پر توجہ دیں۔۔شہزاد اکبر کا مشورہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو عید کے موقع پرخصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف صاحب آپ ملک سے بھاگنے کی بجائے اپنے کیسز پر توجہ دیں۔ عدالت سے تاریخیں نہ لیں اور باہر نہ بھاگیں۔
24 نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ اگر آپ بے گناہ ہیں تو عدالت میں روزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت کیلئے درخواست دیں، ہم تو چھٹی والے دن بھی کام کرتے ہیں۔ ای سی ایل کا کام ایمرجنسی میں آتا ہے اور اس کو پراسیس کرنا ہوتا ہے۔
انہوں نے ن لیگ کو عدالتوں میں اچھے وکیل لانے کا بھی مشورہ دیتے ہوئے کہا کہاچھے وکیلوں سے اپنے کیسز کا دفاع کریں۔ ضمانت عدالتوں کی صوابدید ہوتی ہے ، میں اصولی طور پر سمجھتا ہوں کہ ملزموں کی ضمانتیں ہو جانی چاہئیں جب کسی ملزم کی ضرورت نہ ہو تو عدالتیں انہیں باہر نکال دیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عدالتوں میں ٹرائلز جلدی نہ ہونا ہمارے نظام کی خرابی ہے اسی لئے وقتی طور پر کیس ثابت نہ ہونے کا چورن بیچا جا رہا ہے اصل کام بریت کا ہے ۔حدیبیہ پیپر مل کیس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عدالتیں کھلیں گی تو حکومتی حکمت عملی سامنے آئے گی۔
واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے منظوری دے دی ہے۔ کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے ایک روز قبل قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی۔ ای سی ایل میں نام شامل کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن وزارت داخلہ کل جاری کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں۔وفاقی کابینہ کی شہبازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری