وزیرِاعظم کا بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی کے سربراہ طارق رحمان سے ٹیلیفونک رابطہ، انتخابی کامیابی پر مبارکباد دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے چیئرمین طارق رحمان سے ٹیلی فون پر بات کی اور انہیں عام انتخابات میں ان کی پارٹی کی تاریخی اور شاندار کامیابی پر عوام اور حکومت پاکستان کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کی۔
وزیرِاعظم آفس سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تاریخی، برادرانہ تعلقات کو یاد کرتے ہوئے وزیراعظم نے بنگلہ دیش کی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ باہمی مفاد کے تمام شعبوں کے ساتھ ساتھ علاقائی امن اور ترقی کے لیے ایک دوسرے کی خودمختاری کے مکمل احترام کے ساتھ باہمی فائدہ مند دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔
اعلامیے کے مطابق اپنی خوشگوار گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے بیگم خالدہ ضیاء کا ذکر کیا اور پاکستان بنگلہ دیش تعلقات میں ان کی نمایاں خدمات اور دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں ان کے کلیدی کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے طارق رحمان کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ طارق رحمان نے بھی وزیراعظم کو بنگلہ دیش کا دورہ کرنے کی دعوت دی ۔ دونوں رہنماؤں نے آنے والے دنوں میں قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا تاکہ دونوں لوگوں کی بہتری کے لیے کام کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:ڈالرکی بے قدری جاری، روپیہ مزید تگڑا ہوگیا