صدر اردوان کی اسرائیل پر حملے سے متعلق خبر من گھڑت قرار
Stay tuned with 24 News HD Android App
( ویب ڈیسک )ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی اسرائیل پر حملے سے متعلق خبر من گھڑت قرار دے دی گئی۔
سوشل میڈیا کے بعض پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والا یہ دعویٰ کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے مبینہ طور پر کہا ہے کہ ’اگر ایران یا لبنان پر کوئی حملہ ہوا تو اسے ترکیہ پر حملہ تصور کیا جائے گا‘ سراسر بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیا گیا ہے۔
سرکاری مؤقف کے مطابق اس نوعیت کے بیانات کو دانستہ طور پر گھڑ کر پھیلایا جا رہا ہے تاکہ ناصرف عوام کو گمراہ کیا جائے بلکہ ترکیہ کے اصولی اور متوازن مؤقف کو بھی مسخ کیا جا سکے۔
واضح کیا گیا ہے کہ ترکیہ کی ریاست نے ہمیشہ اپنے قومی مفادات اور علاقائی استحکام کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ذمے دارانہ اور حقیقت پسندانہ پالیسی اپنائی ہے۔

خطے میں جاری حالیہ کشیدگی اور تنازعات کے دوران بھی ترکیہ صدر اردوان کی قیادت میں اعتدال، دانشمندی اور سفارتی توازن کی علامت بنا رہا ہے، عالمی برادری نے بارہا ترکیہ کے اس کردار کو سراہا ہے جس کے تحت وہ کشیدگی میں کمی، مذاکرات کے فروغ اور پائیدار امن کے قیام کے لیے مسلسل کوشاں ہے، ترکیہ نے ناصرف تنازعات کے حل کے لیے سفارتی ذرائع کو ترجیح دی بلکہ ایک ذمے دار ریاست کے طور پر امن، استحکام اور باہمی احترام کے اصولوں کو بھی فروغ دیا۔
ترکیہ نے واضح کیا ہے کہ وہ ہر قسم کی غلط معلومات، پروپیگنڈا مہمات اور منفی ذہن سازی کی کوششوں کے خلاف اپنی جدوجہد پوری سنجیدگی اور استقامت کے ساتھ جاری رکھے گا، ریاست اس بات کے لیے پُرعزم ہے کہ سچائی کو سامنے لایا جائے اور ایسے عناصر کو بے نقاب کیا جائےجو علاقائی امن اور عالمی استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔