بنگلہ دیش کے ہوائی اڈوں پر ہائی الرٹ، ملک بھر میں سکیورٹی سخت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)بنگلہ دیش کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملکی اور بین الاقوامی تمام ہوائی اڈوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
یہ اقدام خطے اور عالمی سطح پر بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر احتیاطی طور پر اٹھایا گیا ہے۔
اتھارٹی کے رکن برائے آپریشنز اینڈ پلاننگ، ایئر کموڈور ابو سعید محبوب نے میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ ہمیں کسی مخصوص خطرے کی اطلاع نہیں ملی، تاہم ہم نے مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے احتیاطی اقدامات کیے ہیں۔
سخت سکیورٹی اقدامات
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے رکن برائے سکیورٹی ایئر کموڈور محمد آصف اقبال کی جانب سے جاری ایک باضابطہ ہدایت نامے میں تمام ایئرپورٹ ڈائریکٹرز کو بنگلہ دیش کی سکیورٹی پالیسی پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سرکلر میں ایئرپورٹ کے داخلی دروازوں، حساس مقامات اور ممنوعہ زونز پر سخت نگرانی، ٹرمینلز کے اردگرد مسلسل گشت اور 24 گھنٹے سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کی ہدایت شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بلوچستان کے دیہی علاقوں میں موبائل سروس 16 نومبر تک بند ، شہری علاقے مستثنیٰ
ہدایت کے مطابق ایئرپورٹ کے احاطے میں صرف مجاز عملہ، منظور شدہ مسافر اور متعلقہ اہلکار ہی داخل ہو سکیں گے جبکہ عام عوام کی آمدورفت پر مزید پابندیاں عائد ہوں گی۔
جامع چیکنگ اور روزانہ معائنہ
تمام مسافروں، ان کے سامان، گاڑیوں اور کارگو کی تفصیلی سیکیورٹی چیکنگ کی جائے گی، جب کہ ٹرمینل اور آپریشنل علاقوں میں اچانک اسپیشل چیکس بھی ہوں گے۔
اتھارٹی نے تمام ایئرپورٹس کو ہدایت دی ہے کہ وہ اسکینرز، دھماکا خیز مواد کی نشاندہی کرنے والے آلات، میٹل ڈیٹیکٹرز اور سی سی ٹی وی سسٹمز کا روزانہ معائنہ کریں تاکہ وہ درست طریقے سے کام کر رہے ہوں۔
سکیورٹی اہلکاروں کو چوکس رہنے، کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری رپورٹ دینے اور مسلسل بریفنگ کے تحت کام کرنے کے احکامات بھی دیے گئے ہیں۔
اضافی حفاظتی اقدامات
ہدایت نامے میں گیس اور برقی لائنوں کے روزانہ خطرے کے جائزے اور ہوائی اڈے کی تنصیبات کے اردگرد 24 گھنٹے نگرانی کی ہدایت بھی شامل ہے۔
ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام ایئرپورٹ ڈائریکٹرز سے تین ورکنگ دنوں کے اندر عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی ہے۔
یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب بنگلہ دیش بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے تحت فضائی سیکیورٹی کے عالمی معیارات کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں میں مصروف ہے، تاکہ ملکی و غیر ملکی مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔