اوپن مارکیٹ میں ایرانی ریال کی قدر میں حیران کن تبدیلی، سرمایہ کاروں کی نظریں جم گئیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)پاکستان کی اوپن مارکیٹ میں ایرانی ریال کا 1 کروڑ کا بنڈل 8,000 سے 10,000 روپے تک پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرنسی مارکیٹ میں ایرانی ریال کی قیمتوں میں غیر معمولی تیزی کا تسلسل برقرار ہے، آج 11 مئی 2026 کو کراچی، لاہور اور کوئٹہ کے کرنسی ڈیلرز کے مطابق 1 کروڑ (10 ملین) ایرانی ریال کا بنڈل 8,000 سے 10,000 پاکستانی روپے کے درمیان فروخت ہو رہا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں ایرانی ریال کی قدر انتہائی کم ہونے کے باوجود پاکستان میں یہ اپنی اصل قیمت سے تین سے چار گنا زائد پریمیئم پر فروخت ہو رہا ہے۔
پاکستانی اوپن مارکیٹ میں 1 کروڑ ریال = 8,000 تا 10,000 روپے جبکہ انٹرنیشنل آفیشل ریٹ کے تحت 1 کروڑ ریال= صرف 2,125 روپے ہے۔
کرنسی ماہرین کے مطابق اس طلب کے پیچھے دو وجوہات ہیں ، ایک مقامی سرمایہ کاروں کو امید ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ سفارتی مذاکرات اور پابندیوں میں ممکنہ نرمی سے ریال کی قدر بڑھے گی، جس سے وہ بڑا منافع کما سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:وفاقی حکومت کا بڑا اقدام: خواتین کے تحفظ کیلئے "وویمن پروٹیکشن ونگ" قائم کرنے کا فیصلہ
دوسرا بلوچستان کے راستے ہونے والی غیر رسمی تجارت، خاص طور پر پیٹرولیم مصنوعات اور اشیائے خوردونوش کی لین دین کے لیے ریال کی نقد ضرورت اس کی قیمت کو سہارا دے رہی ہے۔
معاشی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ایرانی ریال کی قیمتوں میں یہ اضافہ خالصتاً مقامی طلب اور قیاس آرائیوں پر مبنی ہے۔ عالمی سطح پر کرنسی میں اتار چڑھاؤ اور سیاسی حالات میں اچانک تبدیلی چھوٹے سرمایہ کاروں کے لیے بڑے نقصان کا باعث بن سکتی ہے، اس لیے شہریوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔