وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا دورہ بلجیئم، غیرقانونی امیگریشن کی روک تھام پر زور
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی کا دورہ بلجیئم، غیرقانونی امیگریشن کی روک تھام پر زور دیا،برسلز میں وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے بلجیئم کے وزیر داخلہ برنارڈ کوائنٹن سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات کے دوران امیگرنٹس کی سمگلنگ پر قابو پانے کے لیے دوطرفہ اشتراکِ عمل کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان انسدادِ دہشت گردی، انسدادِ منشیات اور پیرا ملٹری فورسز کی مشترکہ ٹریننگ سے متعلق تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی۔
محسن نقوی نے کہا کہ اقوامِ عالم کو غیر قانونی امیگریشن روکنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اور مربوط اقدامات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے، پاکستان نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے سخت اور مؤثر اقدامات کیے ہیں۔
بلجیئم کے وزیر داخلہ برنارڈ کوائنٹن نے انسدادِ دہشت گردی اور غیر قانونی امیگریشن کے حوالے سے پاکستان کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے اور عالمی برادری کے لیے ایک مثبت مثال قائم کی ہے، ملاقات کے موقع پر برسلز میں تعینات پاکستانی سفارتکار اور بلجیئم کی وزارتِ داخلہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں :پاکستانی ویمنز انڈر 19 ٹیم نے بنگلا دیش کیخلاف بہتر ین کارکردگی دکھائی :محسن نقوی