نورِ سحر میں سیدۂ کائنات، خاتون جنت سیدہ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کے مبارک تذکرے پر مشتمل روح پرور نشست
جسٹس (ر) نذیر احمد غازی نے خاتونِ جنت کی بے مثال حیاء اور روحانی شان پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ "سیدہ فاطمہؑ وہ ہستی ہیں جن کی زندگی ایمان کو تازگی بخشتی ہے اور جن کی طہارت و پاکیزگی کا اعتراف آسمانوں نے بھی کیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)معروف دینی و علمی پروگرام "نورِ سحر" میں سیدۂ کائنات، مخدومہ کونین، خاتون جنت سیدہ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہاکے مبارک تذکرے پر مشتمل ایک نہایت مؤثر اور روح پرور نشست کا انعقاد کیا گیا۔
پروگرام کے میزبان جسٹس (ر) نذیر احمد غازی نے خاتونِ جنت کی بے مثال حیاء اور روحانی شان پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ "سیدہ فاطمہؑ وہ ہستی ہیں جن کی زندگی ایمان کو تازگی بخشتی ہے اور جن کی طہارت و پاکیزگی کا اعتراف آسمانوں نے بھی کیا۔
پروفیسر عبدالحمید قادری نے اہلِ بیت علیہم السلام کی عظمت اور سیدہ فاطمہؑ کے مقام پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ "خواتینِ عالم کے لیے رحمت اور اہلِ بیتؑ کی قربت کو سمجھنے کی روشن علامت ہیں۔
پروفیسر اختر رسول کالرو نے توریت کے حوالوں سے اہلِ بیتؑ کی سخاوت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ "درِ زہراؑ سے کبھی کوئی خالی نہیں لوٹا، یہی دروازہ اہلِ بیتؑ کی رحمت اور فیاضی کا مرکز ہے۔
پروفیسر نرید فاطمہ نے سیدہ فاطمہؑ کے بے مثال کردار اور ناموسِ رسالت کی حفاظت میں ان کی خدمات پر روشنی ڈالی اور اپنے کلام سے محفل میں عقیدت کی فضا مزید گہری کر دی۔
ان کا کہنا تھا کہ "سیدہ فاطمہؑ اولین محافظۂ ناموسِ رسالت ہیں، ان کی حیا، جرأت اور وفا امت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
پروفیسر فہد علی کاظمی نے کہا کہ اہلِ بیتؑ مرکزِ ایمان ہیں، انہوں نے بعض حلقوں کی جانب سے کی گئی بے جا موازنہ آرائیوں کا مدلل جواب دیتے ہوئے کہا کہ "سیدہ فاطمہؑ سے محبت فطرت کا حصہ ہے اور جو دل اہلِ بیتؑ سے خالی ہو وہ ایمان کی لطافت سے بھی خالی رہتا ہے انہوں نے حضرت ابوذرؓ کے اس اعلان کا ذکر کیا جو انہوں نے کعبۃ اللہ کے دروازے پر اہلِ بیتِ رسولؐ کی محبت کے حوالے سے کیا تھا۔