نیوزی لینڈ سے جیت کے امکانات انتہائی کم: انضمام الحق

Dec 12, 2020 | 15:38:PM
نیوزی لینڈ سے جیت کے امکانات انتہائی کم: انضمام الحق
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)سابق چیف سلیکٹر قومی ٹیم انضمام الحق کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ میں پاکستان کے جیتنے کے امکانات کم ہیں۔ نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز آسان نہیں ہوتیں، سیمنگ ٹریکس کی وجہ سے وہاں کھیلنے میں مشکل پیش آتی ہے، چودہ روز کی آئسولیشن کے بعد اب جو 10 دن ملے ہیں ان میں کھلاڑیوں کو سخت محنت کرنا پڑے گی اور وہاں کی کنڈیشنز کے مطابق خود کو ڈھالنا پڑے گا جو اتنا آسان نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ نیوزی لینڈ کھلاڑیوں کا ایک بڑا گروپ گیا ہے جس میں پاکستان شاہینز کے کھلاڑی بھی شامل ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ یہ سینئر اور جونئیر کھلاڑیوں کا ایک اچھا امتزاج ہے۔‏سابق چیف سلیکٹر قومی ٹیم انضمام الحق کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ نئے نوجوان کھلاڑیوں کو لے کر جانا ایک اچھا اقدام ہے، ہمارے جتنے بھی نئے کھلاڑی آئے ہیں ان میں ٹیلنٹ ہے۔ نیوزی لینڈ میں اچھا کھیلنا مشکل ضرور لیکن ناممکن نہیں ہےان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ میں تجربے کا بڑا عمل دخل ہوتا ہے، اگر صرف نوجوانوں پر انحصار کیا گیا تو مشکلات بڑھ سکتی ہیں، جیتنے کے امکانات کم ہیں ،کیونکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنے ملک میں بہت اچھی ہے۔‏انضمام الحق نے کہا کہ چودہ روز کی آئسولیشن کھلاڑیوں کے لیے بہت ٹف تھی، میں نہیں سمجھتا کہ کھلاڑیوں نے کووڈ 19 پروٹوکولز کی بہت بڑی خلاف ورزیاں کی ہوں گی، دو منفی ٹیسٹ آنے کے بعد پھر ٹیسٹ مثبت آجانا کچھ اچھی علامات نہیں تھیں لیکن کھلاڑیوں نے مشکل وقت گزارا ، جب انگلینڈ گئے تھے تو پرائیویٹ جہاز سے گئے تھے جبکہ اب نیوزی لینڈ عام جہاز سے گئے تو ہو سکتا ہے اس سے کوئی مسئلہ پیدا ہوا ہو ۔

انہوں نے کہا کہ جیسے پہلے ٹیسٹ کرکٹ کے مطابق تکنیک رکھنے والے کرکٹرز آتے تھے اب ویسے کرکٹرز نہیں آ رہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ اب کھیل کے تقاضے تبدیل ہو گئے ہیں، لوگ اب ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کو زیادہ پسند کرتے ہیں اور مختصر دورانیے کی کرکٹ بھی زیادہ ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کے پاس اب بھی بڑے اچھے کھلاڑی ہیں لیکن ان کے کھیلنے کا انداز پہلے کی نسبت تبدیل ہو گیا ہے، پہلے ہر ٹیم کے پاس دو تین 150 فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرنے والے بولرز ہوتے تھے، اب ایک بھی بولر ہوتا ہے تو خطرناک ثابت ہوتا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ وقت کے ساتھ بولنگ اور بیٹنگ میں بہت تبدیلیاں آ گئی ہیں، کرکٹ ساری تبدیل ہو گئی ہے، نوے کی دہائی یا دو ہزار کی آغاز والے کھلاڑی اب ملنے مشکل ہیں۔