کیلیفورنیا کی ریاستی سینیٹ میں پاکستانی کمیونٹی کو خراج تحسین پیش کرنے قرارداد منظور
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احمد منصور) کیلیفورنیا کی ریاستی سینیٹ نے پاکستان اور امریکہ کے دیرینہ تعلقات اور کیلیفورنیا کی معیشت، ثقافت اور سماجی زندگی میں پاکستانی امریکی کمیونٹی کی نمایاں خدمات کو خراج تحسین پیش کر تے ہوئے تاریخی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔
ریاستی سینیٹر میلیسا ہرتاڈو کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں کیلیفورنیا کی ترقی میں پاکستانی امریکی کمیونٹی کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں ان کی نمایاں کامیابیوں کو سراہا گیا،امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے قرارداد کی متفقہ منظوری پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے سینیٹر میلیسا ہرتاڈو کی قیادت کو سراہا ۔
کیلیفورنیا اسٹیٹ اسمبلی نے پاکستان اور ریاست کیلیفورنیا کے درمیان تعلقات کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا، کیلیفورنیا اسمبلی نے پاک امریکا اقتصادی تعاون کے فروغ میں پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کے کردار کو سراہا۔
کیلیفورنیا اسٹیٹ اسمبلی نے پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ کی خدمات کو سراہا، یہ اعلانات کیلیفورنیا اسٹیٹ اسمبلی کے رکن میٹ ہینی نے ایوان کے فلور پر کیے۔
سفیر پاکستان نے عوامی سطح پر روابط کو مزید مستحکم کرنے اور پاکستان امریکہ دوطرفہ تعلقات میں موجود مثبت پیش رفت کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا،قرارداد کی منظوری سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ کے کیلیفورنیا کے سرکاری دورے کے موقع پر ہوئی، جس کے دوران انہوں نے ریاستی قانون سازوں سے ملاقاتیں کیں اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان اقتصادی و سیاسی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔
سینیٹر ایلویز گومیز سے ملاقات کے دوران سفیر پاکستان نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا، سینیٹر گومیز نے علاقائی امن اور استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
اس موقع پر سفیر پاکستان نے سینیٹر گومیز کو پاکستان کا دورہ کرنے کی باضابطہ دعوت بھی دی،سفیر پاکستان نے اسمبلی ممبرزمیٹ ہینی اور اسمبلی وومن شارون کوئرک سلوا کے اعزاز میں ظہرانہ دیا،ملاقات کے دوران پاکستان امریکہ دوطرفہ تعاون کے اہم پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا،سفیر پاکستان نے دونوں قانون سازوں کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی تاکہ اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون اور روابط کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
قرارداد کی منظوری کے لیے کونسل آف پاکستان، جس کی قیادت ڈاکٹر عمران شریف کر رہے ہیں، نے اہم کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں : افغانستان میں اقوامِ متحدہ کے 2 اہلکار گرفتار