کراچی میں امتحانی مراکز کی تبدیلی اور بدعنوانی پر نوٹس، انکوائری کمیٹی قائم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں امتحانی مراکز کی تبدیلی اور مبینہ بدعنوانی کے معاملے پر وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز محمد اسماعیل راہو نے نوٹس لے لیا۔
وزیر برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈزمحمداسماعیل راہوکی ہدایت پر سیکریٹری جامعات نے اعلیٰ سطحی فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کمیٹی قائم کر دی ہے جو 15 روز میں تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ صوبائی وزیر کو پیش کرے گی۔
سپیشل سیکریٹری محکمہ جامعات و بورڈزکمیٹی کے کنوینر ہوں گے جبکہ چیئرمین ٹیکنیکل بورڈ اور ایڈیشنل سیکریٹری (بورڈز) بطور ممبران شامل ہوں گے،تحقیقاتی کمیٹی یہ جائزہ لے گی کہ امتحانات سے قبل یا دورانِ امتحان مراکز کن وجوہات کی بنیاد پر تبدیل کیے گئے اور آیا اس میں مالی مفاد، اقربا پروری یا غیر قانونی اثر و رسوخ شامل تھا۔
یہ بھی پڑھیں:مری میں لینڈ سلائیڈنگ،دو عمارتیں تباہ ،علاقے میں خوف و ہراس
محمد اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ کمیٹی امتحانی مراکز کی الاٹمنٹ میں بے ضابطگیوں، ملی بھگت اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات کی بھی تحقیقات کرے گی اور ملوث افسران و ملازمین کی نشاندہی کرے گی، ملوث پائے جانے والے افسران اورملازمین کے خلاف سخت تادیبی اور فوجداری کارروائی کی جائے گی۔