خیبر پختونخوا حکومت کا کم کارکردگی والے ہسپتالوں کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ملک رحمان)خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں صحت کے شعبے میں اصلاحات کے تحت کم کارکردگی والے ہسپتالوں کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کر لیا۔اس سلسلے میں محکمہ صحت نے ایکسپریشن اف انٹرسٹ جاری کردیا۔دلچسپی رکھنے والے حضرات سے 30 ستمبر تک کاغذات جمع کرانے کی ڈیڈ لائن دیدی گئی۔
خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر صحت احتشام علی کا کہنا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں 24 ہسپتالوں کا انتظام و انصرام نجی شعبے کے حوالے کیا جا رہا ہے جن میں کٹیگری بی، سی اور ڈی لیول کے ہسپتال شامل ہیں،ہسپتالوں کو پرائیویٹائز نہیں کیا جا رہا بلکہ ان کا انتظام نجی شعبے کے سپرد کیا جا رہا ہے،تاکہ عوام کو سرکاری خرچے پر بہترین اور بروقت علاج فراہم کیا جا سکے۔ان ہسپتالوں میں معیاری اور مفت علاج سرکاری پرچی کے ریٹ پر مہیا کیا جائے گا،سرکاری ملازمین اپنی روٹین کے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔
مشیر صحت احتشام علی کا مزید کہنا ہے کہ ہسپتالوں میں عملے، آلات اور دیگر کمی بیشی کو نجی کمپنیاں پوری کریں گی۔اس اقدام سے او پی ڈی خدمات میں بہتری، صفائی ستھرائی، طبی عملے کی حاضری اور آلات کی دستیابی جیسے مسائل کا خاتمہ ہو گا۔نجی شعبے کی کارکردگی جانچنے کے لیے محکمہ صحت کا آئی ایم یو، ان ہسپتالوں کی مانیٹرنگ کرے گا،جبکہ خراب کارکردگی کی صورت میں متعلقہ کمپنیوں کے فنڈز سے کٹوتی کی جائے گی۔عوامی شکایات کے ازالے کے لیے بھی بھرپور نظام قائم کیا جا رہا ہے۔آئندہ مرحلے میں مزید ہسپتالوں کو بھی آؤٹ سورس کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے،تاکہ صحت کے شعبے میں دیرپا اصلاحات کو یقینی بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:اے قائداعظمؒ تجھے سلام