اسلام آباددھماکہ، امریکہ اور چین سمیت عالمی برادری کا ردعمل،پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی

Nov 11, 2025 | 19:19:PM
اسلام آباددھماکہ، امریکہ اور چین سمیت عالمی برادری کا ردعمل،پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(انور عباس)اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد عالمی برادری کی جانب سے شدید مذمتی بیانات کا سلسلہ جاری ہے،مختلف ممالک  نے اس واقعے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے لیے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

امریکا نے اسلام آباد حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کی ہر شکل قابلِ مذمت ہے،امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نیٹلی بیکر کے مطابق امریکا دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے،امریکی حکومت نے جاں بحق افراد کے خاندانوں سے ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان کی امن و استحکام کی کوششوں کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

چینی سفارت خانے نے بھی اسلام آباد کے خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے، ترجمان کے مطابق یہ دھماکہ ایک انسانیت دشمن عمل ہے جس کی کوئی جواز پیش نہیں کی جا سکتی، چینی سفارت خانے نے متاثرہ خاندانوں اور زخمیوں سے دلی ہمدردی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

 یورپی یونین نے بھی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا،یورپی یونین کے مطابق دہشت گردی ناقابلِ قبول ہے،اس لعنت کے خاتمے کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی،یورپی یونین نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور زخمیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

آسٹریلوی ہائی کمیشن نے اسلام آباد کے جی-11 علاقے میں حملے کے بعد پاکستان کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا،آسٹریلوی ہائی کمیشن نے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا،بیان میں عوام کے تحفظ کے لیے سرگرم اداروں اور اہلکاروں کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا گیا۔

دوسری جانب قطر نے اسلام آباد اور وانا میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی ہے،قطری وزارتِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ قطر ہر قسم کے تشدد اور دہشت گردی کو مسترد کرتا ہے، ترجمان کے مطابق دہشت گردی کسی بھی جواز کے تحت ناقابلِ قبول ہے۔

قطر نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی  جبکہ پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد بار کا ضلع کچہری دھماکے پر 3 روزہ سوگ کا اعلان