عمران خان مذاکرات کیلئے تیار ہیں، آغاز کس سے کریں گے ؟بیرسٹر گوہر نے بتا دیا

Jun 11, 2024 | 17:32:PM
عمران خان مذاکرات کیلئے تیار ہیں، آغاز کس سے کریں گے ؟بیرسٹر گوہر نے بتا دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان مذاکرات کیلئے تیار ہیں لیکن ان مذاکرات کو کسی  ڈیل سے تعبیر نہ کیا جائے ۔

تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آج وکلا کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی جس میں عمران خان نے کہا کہ بیٹوں سے ان کی بات نہیں کروائی جا رہی،بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کئی بار کہہ چکے میرے ساتھ جو ہوا معاف کرنے کو تیار ہوں، مذاکرات کے راستے کھولے جائیں، آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے بات چیت کے لئے تیار ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی سے بات کرکے مذاکرات کا آغاز کریں گے، مذاکرات کرنا پی ٹی آئی کا اپنا فیصلہ ہے لیکن محمود خان اچکزئی اور دیگر جماعتوں کے ساتھ اتحاد ہے، انہیں اعتماد میں لیں گے، مذاکرات الائنس کی سطح پر بھی ہوں گے، پی ٹی آئی خود بھی آغاز کر سکتی ہے۔بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے سوا کوئی آپشن نہیں، ہم نے مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا، برف پگھل رہی ہے ہم چاہتے ہیں حالات بہتر ہو جائیں، ہماری مذاکرات کی پیشکش کو کسی ڈیل سے تعبیر نہ کیا جائے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے سپریم کورٹ کو مذاکرات کے لئے کوئی خط نہیں لکھا، سپریم کورٹ کے مذاکرات کے آپشن کا جواب بھی پی ٹی آئی دے گی۔

یہ بھی پڑھیں : امسال تعلیم کیلئے کتنا بجٹ رکھاجائیگا؟جان کر ہر کسی کے ہوش اُڑجائیں