شہباز شریف کی  ترکمانستان کے صدر سے ملاقات ،مستقل غیرجانبداری کی30 ویں سالگرہ پر مبارکباد

Dec 11, 2025 | 20:34:PM
 شہباز شریف کی  ترکمانستان کے صدر سے ملاقات ،مستقل غیرجانبداری کی30 ویں سالگرہ پر مبارکباد
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی)وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی اشک آباد میں  ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف سے دوطرفہ ملاقات ہوئی ہے.ملاقات کے دوران، وزیراعظم نے ترکمانستان کی مستقل غیرجانبداری کی 30 ویں سالگرہ اور اقوام متحدہ کی جانب سے 2025 کو امن اور اعتماد کا بین الاقوامی سال قرار دینے پر ترکمان صدر کو مبارکباد دی۔

پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات  بالخصوص  تجارتی اور اقتصادی روابط   کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا.وزیر اعظم نے اس رواں برس کے آغاذ پر ایران اسرائیل جنگ کے دوران پاکستانی شہریوں کو ایران سے بحفاظت نکالنے کے لیے فراہم کی جانے والے تعاون پر ترکمان قیادت اور حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے ترکمانستان کے ساتھ زمینی اور سمندری راستوں کے ذریعے روابط بڑھانے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا اور کہا کہ کراچی اور گوادر  کی بندرگاہوں  کا جغرافیہ مثالی  ہے جسے ترکمانستان   جنوبی ایشیاء اور اس سے باہر اپنی رسائی کو بڑھانے کے لیے استعمال بروئے کار لاسکتا ہے. ترکمانستان کی جانب سے پاکستانی وفد کی شاندار مہمان نوازی پر ترکمان صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، وزیراعظم نے  ترکمانستان کے عوام کے قومی رہنما،  عزت مآب گربنگولی بردی محمدوف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا. وزیرِ اعظم ترکمانستان کی عوام کے قومی رہنما اور صدر سردار بردی محمدوف کو آئندہ برس  پاکستان کے سرکاری دورے کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا.

ترکمانستان کے صدر نے وزیر اعظم کے دورے اور امن و اعتماد کے بین الاقوامی فورم میں شرکت پر شکریہ ادا کیا اور یقین کہا کہ ترکمانستان پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔

اس سے قبل وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف کی دعوت پر اپنے دو روزہ سرکاری دورے پر اشک آباد پہنچ گئے ،اشک آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پہنچنے پر ترکمانستان کی کابینہ کے نائب چیئرمین اور ٹرانسپورٹ و مواصلات کے سربراہ محمد خان چیکیئف نے وزیرِ اعظم و پاکستانی وفد کا استقبال کیا. وزیرِ اعظم کل اشک آباد میں منعقدہ بین الاقوامی سال برائے امن و اعتماد (International Year of Peace and Trust-2025)، عالمی دن برائے غیر جانبداری (International Day of Neutrality) اور ترکمانستان کی تیس سالہ مستقل غیر جانبداری کی سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ فورم میں شرکت کریں گے. 

نائب وزیر اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر بجلی سردار اویس خان لغاری، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، معاونین خصوصی طارق فاطمی اور طلحہ برکی وزیرِ اعظم کے ہمراہ وفد میں شریک ہیں.

یہ بھی پڑھیں:بھارت اور جنوبی افریقہ کی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل گنگولی نے’’ رولا‘‘ڈال دیا