تشدد کی سیاست،اسلحہ سے لیس ہو کر احتجاج کرنا پی ٹی آئی کا وطیرہ بن چکا ہے؛عطاء تارڑ
تشدد پی ٹی آئی کا نظریہ ہے، انہوں نے ہمیشہ تشدد کی سیاست کی ہے، وزیر اطلاعات
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نےکہاہے کہ تشدد کی سیاست کرنا، اسلحہ سے لیس ہو کر احتجاج کرنا پی ٹی آئی کا وطیرہ بن چکا ہے،پی ٹی آئی کے تمام احتجاج ریکارڈ پر ہیں کہ یہ ہمیشہ اسلحہ سے لیس ہو کر آئے۔
راولپنڈی مال روڈ پر پی ٹی آئی کے کارکن کی فائرنگ کے حوالے سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے پی ٹی آئی کارکن کی جانب سے سیکورٹی اہلکار پر فائرنگ کا کوئی جواز نہیں تھا، پی ٹی آئی نے لانگ مارچ کی بھی کال دی ہے،پی ٹی آئی نے اپنے احتجاجوں میں پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں کو شہید کیا،پی ٹی آئی پرامن احتجاج پر یقین نہیں رکھتی۔
انہوں نے کہا کہ ان کے مقاصد اور عزائم پوری قوم دیکھ چکی ہے،مسلح ہو کر دن دیہاڑے سیکورٹی اہلکار پر فائرنگ قابل مذمت ہے،تشدد پی ٹی آئی کا نظریہ ہے، انہوں نے ہمیشہ تشدد کی سیاست کی ہے، ان کا کوئی ایک احتجاج بھی پرامن نہیں ہوا،آج کے واقعہ سے بہت سی چیزیں دنیا کے سامنے آئی ہیں۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کارکن سے پی ٹی آئی کا جھنڈا اور دیگر دستاویزات بھی برآمد ہوئیں،یہ ملک میں انارکی پھیلانا اور امن و امان کو تباہ کرنا چاہتے ہیں،پاکستان کی ترقی پی ٹی آئی کو ہضم نہیں ہو رہی، یہ ہر اہم موقع پر احتجاج کا اعلان کر دیتے ہیں۔
عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ یہ ثابت ہو چکا ہے کہ پی ٹی آئی کے ہر احتجاج کے پیچھے مذموم مقاصد ہیں،یہ امن و امان کو تباہ کر کے ملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، ان شاء اللہ پاکستان ترقی کرتا رہے گا،پاکستان کی قیادت ترقی کے لئے دن رات کوشاں ہے،ان شاء اللہ پاکستان اور پاکستان کے عوام کو ہر محاذ پر فتح ہوگی اور دشمنوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
یہ بھی پڑھیں : 27 ستمبر کو عوام نکلے گی، نوجوان نکلیں گے؛سہیل آفریدی